نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے 5 ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ان ریاستوں میں انتخابی ریالیوں اور روڈ شوز پر 15 جنوری تک امتناع عائد کیا تھا آج اس میں 22 جنوری تک توسیع کردی گئی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے زیادہ سے زیادہ 300 افراد یا ہال کی پچاس فیصد گنجائش کے ساتھ انڈور میٹنگ کرنے کی اجازت دی ہے ۔ الیکشن کمیشن کے نئے احکامات کے مطابق 22 جنوری تک ان ریاستوں میں روڈ شو ، پدیاترا ، سائیکل یا وہیکل ریالی کے علاوہ کسی جلوس یا جلسہ کی اجازت نہیں ہوگی ۔ الیکشن کمیشن 22 جنوری تک صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ احکامات جاری کرے گا ۔ الیکشن کمیشن نے ہفتہ کو الیکشن والی ریاستوں گوا ، منی پور ، پنجاب ، اترکھنڈ اور اترپردیش کے چیف سکریٹریز ، ہیلت سکریٹریز کے علاوہ چیف الیکٹورل آفیسرس کے ساتھ ورچول میٹنگ منعقد کی ۔ چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا نے الیکشن کمشنرس راجیو کمار اور انوپ چندرا پانڈے کے ساتھ ان ریاستوں میں کورونا کی موجودہ صورتحال کا علحدہ طور پر جائزہ لیا ۔ ان ریاستوں میں ٹیکہ اندازی مہم کا موقف ، اس میں تیزی پیدا کرنے کے علاوہ ہیلت ورکرس اور فرنٹ لائن ورکرس کو بوسٹر ڈوز دینے کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ مابقی ہدایات جن کا 8 جنوری کو اعلان کیا گیا تھا وہ برقرار رہیں گی ۔ الیکشن والی ریاستوں میں امیدواروں کے انتخاب کی سرگرمیاں عروج پر ہیں ۔۔
