الیکشن کا مطلب ووٹوں کی عید نہیں بلکہ مستقبل ہے : ہریش راؤ

   

حیدرآباد ۔ 24 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر فینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ الیکشن کا مطلب ہرگز ووٹوں کی عید و تہوار نہیں ہے ۔ بلکہ پانچ سال کا مستقبل ہے ۔ عوام خواب غفلت میں نہ رہے بلکہ حق رائے دہی سے استفادہ کرتے ہوئے جمہوری ذمہ داری ادا کریں ۔ یلاریڈی میں پارٹی کے امیدوار سریندر کی تائید میں اہتمام کردہ روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے 5 گیارنٹی کا عوام سے وعدہ کیا جس پر عوام کانگریس پر بھروسہ کیا مگر کانگریس پارٹی وعدوں پر عمل کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی نے 6 گیارنٹی کا اعلان کیا ہے ۔ اگر عوام بھروسہ کرتے ہیں تو تلنگانہ میں بھی کرناٹک جیسا بحران پیدا ہوجائے گا ۔ اگر ہماری باتوں پر بھروسہ نہیں ہے تو عوام کرناٹک کے سرحدی علاقوں میں پہونچ کر اس کا جائزہ لیں اس کے بعد ووٹ دینے کا فیصلہ کریں ۔ کرناٹک میں بی جے پی حکومت 9 گھنٹے برقی سربراہ کررہی تھی ۔ کانگریس کی حکومت تشکیل پانے کے بعد چار تا پانچ گھنٹے برقی سربراہ ہورہی ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی تلنگانہ میں زرعی شعبہ کو صرف 3 گھنٹے برقی کافی ہونے کا دعویٰ کررہے ہیں ۔ تلنگانہ کے عوام فیصلہ کریں انہیں 24 گھنٹے برقی سربراہ کرنے والی بی آر ایس چاہئے یا برقی کو صرف 3 گھنٹوں تک برقی محدود کرنے والی کانگریس چاہئے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس حکومت کی 10 سالہ کارکردگی سارے ملک میں سرفہرست ہے ۔ حکومت کی فلاحی اسکیمات سے سماج کے تمام طبقات کو فائدہ پہونچ رہا ہے ۔ ریاست کے عوام خوشحال زندگی گذار رہے ہیں ۔ بی آر ایس تیسری مرتبہ بھاری اکثریت سے حکومت تشکیل دے گی ۔ کے سی آر ہیٹ ٹرک چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیتے ہوئے جنوبی ہند میں ایک نئی تاریخ رقم کریں گے ۔ ریاست کے عوام کانگریس اور بی جے پی کے جھوٹے وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے ریاست کے مستقبل کو خطرے میں نہ ڈالیں ۔۔ ن