بلدی چناؤ کی رائے شماری کا جائزہ لیا
حیدرآباد ۔13 ۔ فروری (سیاست نیوز) آندھراپردیش کی اسٹیٹ الیکشن کمشنر شریمتی نیلم ساہنی آئی اے ایس نے آج تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچ کر بلدی چناؤ کی رائے شماری کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ویب کاسٹنگ کے ذریعہ رائے شماری کے مراکز کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں سے بات چیت کی۔ تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمشنر شریمتی رانی کمودنی نے آندھراپردیش کی ہم منصب کو رائے دہی اور رائے شماری کے انتظامات سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کیا گیا جس کے نتیجہ میں کسی بھی بوتھ پر دوبارہ رائے دہی نہیں ہوئی۔ انہوں نے پولیس اور دیگر محکمہ جات کے موثر انتظامات کی تفصیلات پیش کیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی جی پی مہیش بھاگوت ، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن ، ڈاکٹر این سوریا نارائن آئی اے ایس ، لنگا نائک آئی اے ایس اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر نے ویب کاسٹنگ کے ذریعہ تمام اضلاع میں جاری رائے شماری کا جائزہ لیا اور وقتاً فوقتاً ضلع کلکٹرس سے بات چیت کی ۔1