الیکشن کمشنر نے گریٹر انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا

   

ای وی ایم مشینوں کا بیالٹ باکسس پر فیصلہ باقی، آئندہ ماہ دوبارہ اجلاس

حیدرآباد: اسٹیٹ الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی آئی اے ایس نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات کے سلسلہ میں اجلاس منعقد کیا ۔ جی ایچ ایم سی کے انتخابات فروری 2016 ء میں منعقد ہوئے تھے اور 5 سالہ میعاد 10 فروری 2021 ء کو ختم ہوگی۔ الیکشن کمشنر کے جائزہ اجلاس میں انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈی ایس لوکیش کمار آئی اے ایس کمشنر جی ایچ ایم سی ، جیوتی بدھا پرکاش آئی اے ایس ایڈیشنل سی ای او جی اے ڈی کے علاوہ جی ایچ ایم سی اورالیکشن کمیشن کے سینئر عہدیدار اجلاس میں شریک تھے ۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مجوزہ انتخابات کے بہتر انعقاد کے چیلنج قبول کریں۔ فہرست رائے دہندگان کی اشاعت کیلئے سنٹر فار گڈ گورننس سے سافٹ ویر حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کیلئے ٹکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا ۔ 2016 ء انتخابات میں 45.29 فیصد رائے دہی ہوئی تھی۔ رائے دہی کی فیصد میں اضافہ کیلئے کمشنر نے عوام میں شعور بیداری کے لئے ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت دی جس میں غیر سرکاری تنظیموں اور سیول سوسائٹی تنظیموں کو شامل کیا جائے گا ۔ کووڈ۔19 کے پیش نظر رائے دہی میں ای وی ایم مشینوں یا بیالٹ باکسس کے استعمال پر غور کیا گیا ، تاہم اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ باقی ہے۔ ہر پولنگ بوتھ میں 800 رائے دہندوں کی گنجائش رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ زونل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے ساتھ ایکشن پلان کی تیاری کے سلسلہ میں اکتوبر کے دوسرے ہفتہ میں اجلاس منعقد کیا جائے گا ۔