یادگار شہیداں پر گلہائے عقیدت ، پریڈ گراونڈ پر پرچم کشائی ، سونیا گاندھی خصوصی مدعو
حیدرآباد۔24۔ مئی ۔(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کو الیکشن کمیشن آف انڈیا نے یوم تاسیس تلنگانہ کے انعقاد کے سلسلہ میں طلب کردہ اجازت دے دی ہے اور حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر یوم تاسیس تلنگانہ کے انعقاد کے سلسلہ میں تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے یوم تاسیس تلنگانہ کے انعقاد کے سلسلہ میں اجازت کے حصول کے بعد چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری نے جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے یادگار شہیداں گن پارک پر گلہائے عقیدت اور سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر پرچم کشائی تقریب کے علاوہ دیگر امور کا جائزہ لیا۔ریاستی کابینہ نے 2 جون کو منعقد ہونے والی تقاریب کے افتتاح میں کانگریس قائد مسز سونیاگاندھی کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اندرون دو یوم دہلی کا دورہ کرتے ہوئے مسز سونیا گاندھی سے ملاقات کریں گے اور انہیں یوم تاسیس تلنگانہ کے پروگرام میں شرکت کی دعوت دیں گے۔ ریاستی حکومت نے یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر تلنگانہ کے نئے ریاستی ترانہ ‘ تلنگانہ کے لوگو اور تلنگانہ تلی کے مجسمہ کی نقاب کشائی کا فیصلہ کیا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تحریک تلنگانہ کے دوران شہید ہونے والے شہداء کے افراد خاندان کے علاوہ سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو بھی مدعو کرنے کے سلسلہ میں غور کیا جا رہاہے۔ ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی نے ریاست کے تمام محکمہ جات کو بڑے پیمانے پر یوم تاسیس تلنگانہ کے اہتمام کی ہدایات جاری کی ہیں اور اس جائزہ اجلاس کے دوران چیف سکریٹری تلنگانہ کی جانب سے جائزہ لیتے ہوئے باضابطہ یہ ہدایات جاری کی جائیں گی۔ حکومت نے ریاست کے ترانہ کو قطعیت دے دی ہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت کی جانب سے ریاست کے نئے لوگو اور تلنگانہ تلی کے مجسمہ کو بھی قطعیت دی جاچکی ہے ۔ ریاست میں کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد ریاست تلنگانہ کے مخفف TSکو تبدیل کرتے ہوئے اسے TG کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ پر عمل آوری بھی شروع کی جاچکی ہے۔حکومت تلنگانہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے 10 سال مکمل ہونے پر مسز سونیاگاندھی کے علاوہ ملک بھر کے دیگر قائدین کو بھی یوم تاسیس تقریب میں مدعو کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ یوم تقاریب کا بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا جاسکے۔ چیف منسٹر نے گذشتہ کابینہ کے اجلاس سے قبل تلنگانہ کے نئے ریاستی ترانہ کو قطعیت دینے کے لئے منعقدہ اجلاس کے دوران 1:30 منٹ پر مشتمل ترانہ کو قطعیت دے دی تھی اور کہا جا رہاہے کہ نئے لوگو اور تلنگانہ تلی کے نئے مجسمہ کو بھی تیار کیا جاچکا ہے جس کی 2 جون کو نقاب کشائی عمل میں لائی جائے گی۔ یوم تاسیس تقاریب کو 10یوم طویل رکھنے کا بھی جائزہ لیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ یوم تاسیس کی طویل مدتی تقاریب کے اہتمام کا بھی جائزہ لیا جا رہاہے اور حکومت کی جانب سے منظوری حاصل ہونے کی صورت میں مختلف محکمہ جات کے ذریعہ ان تقاریب کو 10یوم طویل منعقد کرنے کے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔چیف سیکریٹری محترمہ شانتی کماری کی جانب سے منعقدہ جائزہ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مسٹر روی گپتا‘ اسپیشل چیف سیکریٹری مسٹر آدھار سنہا‘ پرنسپل سیکریٹریز بی وینکٹیشم ‘ مسٹر جیتندر‘ مسٹر احمد ندیم‘ مسٹر مشرف فاروقی ‘ مسٹر انودیپ درے شیٹی کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ 1
چیف سیکریٹری نے کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر رونالڈ روس کو ہدایت دی کہ وہ یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر شہر حیدرآباد کو خصوصی طور پر سجانے کے اقدامات کریں اور وہ گن پارک اور سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ کے قریب وسیع تر انتظامات کو یقینی بنائیں۔اس کے علاوہ انہوں نے محکمہ برقی کے عہدیداروں کو پروگرام کے مقام پر بلا وقفہ معیاری برقی سربراہی کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی اور محکمہ ثقافت کو رنگارنگ تقاریب کے اہتمام کی بھی ہدایا ت جاری کی گئی ہیں۔3