الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم کا کل سے تین روزہ دورہ حیدرآباد

   

حیدرآباد۔یکم؍ اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم 3 اکٹوبر سے حیدرآباد کے تین روزہ دورہ پر پہنچ رہی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنران حیدرآباد میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات کے انتظامات پر بات چیت کریں گے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری اور چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے الیکشن کمیشن کی ٹیم کے دورہ کے انتظامات کو قطعیت دے دی ہے اور تمام متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو تفصیلات کے ساتھ تیار رہنے کی ہدایت دی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنران 5 اکٹوبر تک حیدرآباد میں قیام کریں گے اور توقع کی جارہی ہے کہ 10 اکٹوبر تک تلنگانہ اسمبلی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی ٹیم 3 اکٹوبر کو دوپہر 2:30 تا 4:30 بجے قومی اور ریاستی مسلمہ سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں سے ملاقات کرے گی۔ شام 5 تا 6:30 بجے مختلف سرکاری اداروں سے ملاقات کرتے ہوئے قانون کے نفاذ سے متعلق امور کا جائزہ لیں گے۔ بعد میں چیف الیکٹورل آفیسر اور دیگر اداروں کی جانب سے انتظامات پر پریزنٹیشن دیا جائے گا۔ دوسرے دن 4 اکٹوبر کو صبح 9:30 سے شام 7 بجے تک ضلع کلکٹرس، سپرنٹنڈنٹس آف پولیس، کمشنرس آف پولیس اور 33 اضلاع کے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی ٹیم تیسرے دن 5 اکٹوبر کو صبح میں فہرست رائے دہندگان کی تیاریوں اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی کارکردگی سے متعلق جائزہ لیں گے۔ معذور رائے دہندوں کے علاوہ نوجوانوں میں رائے دہی سے متعلق شعور بیداری کا جائزہ لیا جائے گا۔ الیکشن کمشنرس دوپہر میں چیف سکریٹری، ڈائرکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے اور شام میں یہ ٹیم نئی دہلی واپس ہوجائے گی۔ چیف سکریٹری اور چیف الیکٹورل آفیسر نے انتخابی سرگرمیوں اور انتظامات سے متعلق تمام محکمہ جات کو اپنی رپورٹ تیار رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ حیدرآباد سے واپسی کے بعد الیکشن کمیشن آف انڈیا کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں تلنگانہ اسمبلی چناؤ کے شیڈول کو قطعیت دی جائے گی۔