پٹنہ میں مہاگٹھ بندھن کا زبردست احتجاج، راہول گاندھی ، تیجسوی یادو کی شرکت
پٹنہ : /9 جولائی (ایجنسیز) بہار میں فہرست ِ رائے دہندگان کی باریکی سے جانچ کی الیکشن کمیشن کی خصوصی مہم کے خلاف چہارشنبہ کے دن زبردست احتجاج ہوا۔ اپوزیشن مہاگٹھ بندھن کے سرکردہ قائدین بشمول راہول گاندھی‘ ریاستی دارالحکومت پٹنہ میں جمع ہوئے۔ انڈیا بلاک جس میں مہاگٹھ بندھن شامل ہے‘ ملک گیر چکہ جام ہڑتال کی تائید کررہا ہے لیکن اس نے بہار میں الیکشن کمیشن کی مہم کے خلاف بھی احتجاج کیا۔ راہول گاندھی‘ آر جے ڈی کے تیجسوی یادو اور بایاں بازو قائدین ڈی راجہ‘ ایم اے بے بی اور دیپانکر بھٹاچاریہ نے بہت بڑے جلوس میں حصہ لیا جو انکم ٹیکس چوراہا سے شروع ہوا۔ انکم ٹیکس چوراہا سے پٹنہ ہائی کورٹ اور کئی سیاسی جماعتوں کے دفاتر 100 میٹر کے فاصلہ پر واقع ہیں۔ یہ قائدین کھلی جیپ میں سوار تھے۔ مارچ‘ الیکشن کمیشن کے دفتر تک نکالا گیا جو دیڑھ کیلو میٹر دور واقع ہے۔ ودھان سبھا کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کردی گئی تھیں جہاں سے الیکشن کمیشن کا دفتر بے حد قریب ہے۔ یہاں قائدین نے ریالی سے خطاب کیا۔ قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے الیکشن کمیشن پر جم کر تنقید کی۔ بہار کے کئی اضلاع میں آر جے ڈی‘ کانگریس اور 3 بایاں بازو جماعتوں کے ارکان ِ اسمبلی نے جلوسوں کی قیادت کی۔ مہاتماگاندھی سیتو پر ٹریفک جام لگ گیا تھا۔ دریائے گنگا پر بنے تقریباً 6 کیلو میٹر کے اس پل پر صبح ٹائر جلائے گئے تھے۔ لائٹ اور ہیوی گاڑیوں کی آمدورفت رک گئی تھی۔ کانگریس قائد راہول گاندھی نے چہارشنبہ کے دن الزام عائد کیا کہ 2024 کے مہاراشٹرا اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے لئے رگنگ کی گئی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مرکز کی این ڈی اے حکومت‘ بہار اسمبلی الیکشن میں اسے دْہرانا چاہتی ہے۔ بہار میں فہرست رائے دہندگان کی باریکی سے جانچ کی جاریہ مہم کے خلاف پٹنہ میں الیکشن کمیشن کے دفتر تک احتجاجی مارچ کے دوران انڈیا بلاک ورکرس سے خطاب میں راہول گاندھی نے کہا کہ ہم بہار میں رگنگ ہونے نہیں دیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بہار میں الیکشن کمیشن کی جاریہ مہم مہاراشٹرا ماڈل کا تسلسل ہے۔ اس سے نہ صرف جنتا کا ووٹ کا حق چھن جائے گا بلکہ وہ اپنے مستقبل سے بھی محروم ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو دستور کا تحفظ کرنا ہی ہوگا۔ وہ بی جے پی کی ہدایت پر عمل کررہا ہے۔ الیکشن کمیشن بی جے پی کا نامزد کردہ ہے۔ ہم الیکشن کمیشن کو بہار کی جنتا خاص طورپر نوجوانوں کے حق ِ رائے دہی کو چرانے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں بی جے پی کے نامزد لوگ ہیں۔ بہار میں جاری اس کی مہم کا مقصد برسراقتدار جماعت کی سیوا کرنا ہے۔ دستور کی سرخ کاپی لہراتے ہوئے جو اْن کا اسٹائل بن گیا ہے‘ راہول گاندھی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اب بی جے پی۔ آر ایس ایس کی بھاشا بولنے لگا ہے۔سابق میں الیکشن کمشنرس کے انتخاب میں چیف جسٹس آف انڈیا اور قائد اپوزیشن کا بھی عمل دخل ہوتا تھا لیکن اب انہیں اس سے عملاً دور کردیا گیا ہے۔ ہم مہاراشٹرا ماڈل کو پہلے ہی بے نقاب کرچکے ہیں۔ آر جے ڈی قائد تیجسوی یادو نے اپنے خطاب میں الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن ایک سیاسی جماعت کا حصہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کٹھ پتلی کمیشن بن گیا ہے۔ بہاری غریب ہوسکتے ہیں لیکن یہ پوری طرح چوکنا لوگ ہیں جو جدوجہد کے لئے تیار ہیں۔ دیپانکر بھٹاچاریہ نے بہار میں الیکشن کمیشن کی جاریہ مہم کو ’’ووٹ بندی‘‘ قراردیا۔