الیکشن کمیشن اور حیدرآباد یونیورسٹی میں اشتراک

   

حیدرآباد 19 فبروری ( پی ٹی آئی ) کمیونٹی ریڈیوز کے ذریعہ رائے دہندوںکی شراکت اور انتخابی خواندگی میں اضافہ کیلئے الیکشن کمیشن نے آج شہر کی حیدرآباد یونیورسٹی کے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ اس نشانہ کی تکمیل کیلئے ایک پراجیکٹ ’’ فیسٹول آف ڈیموکریسی ‘‘ شروع کیا جائیگا اور اس میں تقریبا 50 کمیونٹی براڈکاسٹرس کو شامل کیا جائیگا جو 25 اسٹینشوں سے تعلق رکھتے ہونگے ۔ یہ براڈ کاسٹر 22 فبروری سے شروع ہونے والے ایک سہ روزہ ورکشاپ میں حصہ لیں گے ۔ یہ ورکشاپ اہم حکمت عملی اور تھیم پر ہوگا جس میں یہ غور کیا جائیگا کہ رائے دہندوں میں شعور بیدار کرنے کیلئے کمیونٹی ریڈیوز کیا رول ادا کرسکتے ہیں۔ یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ پروفیسر ونود پوارالا جو یونیورسٹی میں کمیونٹی میڈیا پر یونیسکو کے سربراہ ہیں نے کہا کہ اس ورکشاپ کے بعد شرکاء اپنے اسٹینشوں کو واپس ہوجائیں گے اور اجتماعی طور پر تقریبا 100 گھنٹوں کے پروگرامس تیار کرینگے جو مشترکہ مقصد کے تحت ہونگے کہ رائے دہندوں کو تقریبا 10 زبانوں میں انتخابات و رائے دہی کے تعلق سے با شعور بنایا جا سکے ۔