لکھنؤ: ووٹ شماری سے پہلے اترپردیش کے متعدد اضلاع میں ای وی ایم و بیلٹ پیپر کے سلسلے میں پیدا ہوئے شبہات پر تبصرہ کرتے ہوئے مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی نے بی جے پی اور یوگی حکومت کے اشارے پر انتخابی نتائج کو متاثر کرنے کے لئے سازش کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مناسب اقدام کرنے اور خاطیوں کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔کمیشن ان شبہات کو دور کر کے اپنی معتبریت کو برقرار رکھے ۔پارٹی کے ریاستی سکریٹری سدھاکر یادو کی جانب سے آج یہاں جاری بیان میں وارانسی، سونبھدر و دیگر اضلاع میں مشتبہ ای وی ایم پکڑا جانا بی جے پی اور یوگی حکومت کے اشارے پر ووٹ شماری سے قبل نتائج کومتاثر کرنے کی سازش قرار دیا۔ اور کہا کہ اس طرح کی اطلاعات سے انتخابات کی غیر جانبداری اور معتبریت پر سوالات کھڑے ہوتے ہیں ایسے میں الیکشن کمیشن کو فورا کاروائی کرنا چاہئے ۔انہوں نے بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ حکمراں جماعت بی جے پی بہانہ بازی میں ماہر ہے اور وہ ای وی ایم میں چھیڑ چھاڑکرسکتی ہے ۔انہوں نے دعوی کیا کہ وارانسی میں ای وی ایم پکڑے جانے پر پہلے تو انتظامیہ کے ذریعہ اپوزیشن پر افواہ پھیلانے کا الزام لگایا گیا لیکن جب معاملے نے طول پکڑا تو افسران نے قبول کیا کہ ای وی ایم منتقلی میں پروٹوکول کی خلاف ورزی ہوئی ہے ۔
