اب ووٹ کی چوری ای وی ایم میں نہیں بلکہ ووٹرلسٹ میں ہورہی ہے، ابھیشیک بنرجی کی میڈیا سے بات چیت
نئی دہلی، 31 دسمبر (یو این آئی) مغربی بنگال میں غیر شمار شدہ ووٹروں کے لئے جاری سماعت کے عمل کے درمیان، ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کی قیادت میں 10 رکنی وفد نے چہارشنبہ کو الیکشن کمیشن سے ملاقات کی۔ابھیشیک بنرجی نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر نامہ نگاروں کو بتایا کہ ترنمول کانگریس نے 10-15 نکات اٹھائے ، لیکن دو یا تین کے علاوہ کسی پر وضاحت فراہم نہیں کی گئی۔ ووٹ چوری کے معاملے پر زور دیتے ہوئے ، انہوں نے کہا، “ووٹ کی چوری ای وی ایم میں نہیں ہو رہی ہے ، یہ ووٹر لسٹ میں ہو رہی ہے ۔ کانگریس اور اے اے پی جیسی پارٹیاں مہاراشٹرا، دہلی اور ہریانہ جیسی ریاستوں میں اس کو پکڑنے میں ناکام رہی ہیں۔ اگر وہ اسے پکڑ لیتی تو بی جے پی ان ریاستوں میں ہار جاتی۔ میں ہم خیال جماعتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سافٹ ویئر کے ذریعے ووٹر لسٹ میں ہونے والی ‘چوری’ کو پکڑیں۔””منطقی تضاد” کی فہرست کے اجراء پر اصرار کرتے ہوئے ، ترنمول کانگریس نے کہا کہ 2002-03 میں ووٹر لسٹ کی تیاری کے دوران “منطقی تضاد” نام کا کوئی زمرہ نہیں تھا، “تو اس بار یہ زمرہ کیسے متعارف کرایا گیا؟ پہلے کی ایس آئی آر میں ‘مشکوک فہرست’ جیسی کوئی چیز نہیں تھی۔”الیکشن کمیشن کو سونپے گئے خط میں عمر رسیدہ افراد کو سماعت کیلئے طلب کرنے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ خط میں کہا گیا ہے ، “اگر معذور ووٹروں اور 85 سال سے زائد عمر کے ووٹروں کیلئے دروازے پر ووٹنگ اور گھر بیٹھے تصدیق کا طریقہ لاگو کیا جا سکتا ہے ، تو 60 سال سے زیادہ عمر کے طبی لحاظ سے کمزور بزرگ شہریوں کے ساتھ بھی ہمدردانہ سلوک سے انکار کرنے کی کوئی آئینی، قانونی یا منطقی بنیاد نہیں ہے ۔ ایسے معاملات میں لازمی جسمانی سماعت پر اصرار کرنے سے زیادہ تر شہریوں ووٹ کے حق سے محروم ہونے کا خطرہ ہے ۔”خط میں مزید کہا گیا ہے ، “یہ حیران کن بات ہے کہ ایس آئی آر کیلئے الیکشن کمیشن ناقص ایپس کا استعمال کر رہا ہے ۔”سماعت کے عمل کے دوران بوتھ لیول ایجنٹس (بی ایل اے ) کی موجودگی کے بارے میں، ترنمول کانگریس نے سوال کیا، “کیوں بوتھ لیول ایجنٹس سماعتوں میں موجود نہیں ہو سکتے ؟ ہم نے الیکشن کمیشن سے سرکلر جاری کرنے کو کہا، لیکن انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کردیا”۔واضح رہے کہ ریاست کی انتخابی فہرستوں پر جامع نظرثانی کے پہلے مرحلے کے بعد منگل 16 دسمبر 2025 کو شائع ہونے والے مسودہ انتخابی فہرست سے 58 لاکھ سے زیادہ ناموں کو حذف کر دیا گیا ہے ، حالانکہ مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، تقریباً 92.40 فیصد اندراجات کو برقرار رکھا گیا ہے ۔
ترنمول کانگریس کو الیکشن کمیشن کا سخت انتباہ
نئی دہلی، 31 دسمبر (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کی حکومت پر زور دیا ہیکہ وہ مقررہ معیارات کے مطابق بوتھ لیول افسران (بی ایل او) کو اعزازیہ فراہم کرے ، پارٹی لیڈروں کو یہ واضح پیغام دے کہ پولنگ کے دوران کسی بھی انتخابی کارکن کے ساتھ بدتمیزی برداشت نہیں کی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے آج ملاقات کرنے والے ترنمول کانگریس کے نمائندوں کو واضح پیغام دیا ہیکہ مغربی بنگال حکومت کو فوری طور پر بی ایل او کیلئے کمیشن سے منظور شدہ بڑھا ہوا اعزازیہ جاری کرنا چاہیے ۔کمیشن نے ترنمول کے نمائندوں کو یہ بھی بتایا کہ ووٹروں کی سہولت کیلئے اونچی عمارتوں، کمیونٹی سینٹروں اور کچی بستیوں میں پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے ۔الیکشن کمیشن نے وفد سے واضح طور پر کہا ہے کہ اسے یہ یقینی بنانا ہوگا کہ پارٹی کیلئے نچلی سطح پر کام کرنے والا کوئی بھی نمائندہ انتخابی ڈیوٹی پر تعینات کسی ملازم کے ساتھ بدتمیزی نہیں کرے گا یا دھمکی نہیں دے گا۔
