حیدرآباد ۔ ریاست میں 2 کارپوریشنس اور 5 بلدیات کے انتخابات کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر کے ضمنی انتخابات کے بعد ان انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشن اور آچم پیٹ میونسپلٹی کی میعاد گزشتہ ماہ 14 مارچ کو مکمل ہوگئی جہاں پر اسپیشل آفیسر کی خدمات سے کام چلایا جارہا ہے۔ سدی پیٹ میونسپلٹی کی میعاد 15 اپریل کو مکمل ہو رہی ہے۔ کتور نئی میونسپلٹی کا قیام عمل میں آیا ہے۔ نکریکل گرام پنچایت اپ گریڈ ہوکر میونسپلٹی میں تبدیل ہوئی ہے۔ عدالتی تنازعہ کے باعث ماضی میں جڑچرلہ کا انتخاب نہیں ہوا۔ اس سلسلہ میں اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے انعقاد کے لئے اپنی تیاریوں میں تیزی پیدا کردی۔ اس طرح ورنگل، کھمم کارپوریشن کے ساتھ سدی پیٹ، اچم پیٹ، جڑچرلہ، نکریکل، کتور میونسپلٹیز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ بلدی نظم و نسق کے نئے قانون کے مطابق وارڈس اور ڈیویژنس کی تعداد میں تبدیلی کی گئی ہے اور جی او جاری کرتے ہوئے محکمہ بلدی نظم و نسق نے اس کو اسٹیٹ الیکشن کمیشن کے حوالے کیا ہے۔