الیکشن کمیشن ناگرجنا ساگر میں بدعنوانیوں کو روکنے میں ناکام

   

دولت اور شراب کی تقسیم، الیکشن کمیشن مبصر سے اتم کمار ریڈی کی ملاقات
حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی نے الیکشن کمیشن کے مبصر سے ملاقات کرتے ہوئے ناگرجنا ساگر میں برسراقتدار ٹی آر ایس کی جانب سے انتخابی بے قاعدگیوں کی شکایت کی ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، سابق رکن اسمبلی مہیش ریڈی اور سابق ایم ایل سی راملو نائیک نے انتخابی مبصر سے شکایت کی ہے کہ انتخابی مہم کے دوران وزراء، ارکان اسمبلی اور ٹی آر ایس قائدین کھلے عام انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کررہے ہیں اور دولت و شراب کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آزادانہ و منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں ناکام ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس کی جانب سے برسراقتدار پارٹی کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے۔ کورونا قواعد کی پرواہ کئے بغیر سینکڑوں گاڑیوں کے ساتھ ٹی آر ایس قائدین اور وزراء دیہاتوں کا دورہ کررہے ہیں۔ رائے دہندوں میں کروڑہا روپئے اور شراب تقسیم کی جارہی ہے۔
اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی تلاشی کا کوئی انتظام نہیں ہے اور نہ ہی شکایت پر ٹی آر ایس قائدین کے مکانات پر دھاوے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناگرجنا ساگر میں الیکشن کا کوئی ماحول نہیں ہے۔ اتم کمار ریڈی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری کیلئے آر ڈی او اور ایم آر او سطح پر احکامات جاری کرے۔