الیکشن کمیشن نے ایس پی سوریہ پیٹ کا تبادلہ کردیا

   

کانگریس رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کا اظہار اطمینان، دولت اور شراب کے استعمال پر نظر رکھنے کی اپیل
حیدرآباد۔ 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر سوریہ پیٹ ضلع ایس پی وینکٹیشورلو کے تبادلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ قابل ستائش ہے اور وہ اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضورنگر میں ضمنی انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن کو دولت اور شراب کی تقسیم پر مکمل نظر رکھنی چاہئے۔ بینکوں میں رقمی لین دین پر الیکشن کمیشن کو نظررکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شراب کی تقسیم پر نظر رکھتے ہوئے بدعنوانیوں پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین اور وزراء کے علاوہ تقریباً 700 مختلف سطح کے قائدین انتخابی مہم میں مصروف ہیں اور سرکاری مشنری کے بے جا استعمال کے علاوہ دولت اور شراب کی تقسیم میں ملوث ہیں۔ الیکشن کمیشن کو انتخابی بدعنوانیوں پر نظر رکھنی چاہئے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی تائید کی اور حکومت سے مانگ کی کہ آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کی فوری یکسوئی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کو روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملازمین کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ آندھراپردیش میں خسارہ بجٹ کے باوجود حکومت نے آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کے نقصانات کو کم کیا جاسکے۔ انہوں نے سوال کیا کہ تلنگانہ حکومت انضمام کے لیے کیوں تیار نہیں ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ہڑتال کے دوران اگر خانگی ڈرائیورس کے ذریعہ حادثات پیش آتے ہیں تو اس کے لیے ذمہ دار کون ہوں گے۔