’الیکشن کمیشن نے جمہوریت ، آئین اور ووٹرس کے حقوق کو خطرہ میں ڈالا‘

   

الیکشن کمیشن ’گودی کمیشن‘ بن گیا ہے، بہار اسمبلی کے قائد اپوزیشن تیجسوی یادو کی پریس کانفرنس

ارریہ، 24 اگست (یو این آئی) بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی سرگرمیوں سے جمہوریت، آئین اور ووٹروں کے حقوق تینوں خطرے میں ہیں۔ یادو نے اتوار کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ الیکشن کمیشن اب گودی کمیشن بن گیا ہے اور اس کا بنیادی مقصد بی جے پی کیلئے ووٹ چوری کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرادھیکار یاترا کا مقصدزمینی سطح تک پہنچ کر شہریوں کو حقیقت سے روشناس کرانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رابطہ کے دوران جس طرح سے لوگ ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ عوام کا الیکشن کمیشن پر سے اعتماد اٹھ چکا ہے ۔ یادو نے کہا کہ حال ہی میں وزیر اعظم نے گیا میں دراندازوں کے بارے میں بات کی تھی لیکن الیکشن کمیشن نے عدالت کو دیئے گئے حلف نامے میں 65 لاکھ لوگوں میں سے کسی بھی درانداز کا ذکر نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ کون سچ بول رہا ہے اور کون جھوٹ۔ لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے لیڈر چراغ پاسوان انہیں کانگریس کے اشاروں پر عمل کرنے والا کہتے ہیں، جس کے جواب میں یادو نے کہا کہ بڑے بھائی (چراغ) سے پوچھ لیجئے وہ کس کے ہنومان ہیں۔ تیجسوی نے طنز یہ کہاکہ چراغ جی سے کہیے کہ شادی کر لیں۔ اس پر ان کے پاس بیٹھے راہول گاندھی نے کہا کہ یہ بات مجھ پر بھی لاگو ہوتی ہے ، جس پر یادو نے جواب دیا کہ لالو جی آپ کو پہلے ہی اس سلسلے میں مشورہ دے چکے ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ لیننسٹ (سی پی آئی۔ایم ایل) کے دیپانکر بھٹاچاریہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن اب جمہوریت کے سامنے ایک چیلنج کمیشن بن گیا ہے اور سب سے بڑا بحران ملک اور آئینی حقوق کا تحفظ ہے ۔ اس موقع پر وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے سربراہ اور سابق وزیر مکیش سہنی نے کہا کہ ملک میں غریبوں، دلتوں اور محروموں کی شناخت ووٹ کے حق سے جڑی ہوئی ہے اور ہم جیسے پسماندہ سماج کے لوگ اسی کی بدولت آگے بڑھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔