الیکشن کمیشن نے ریتو بھروسہ اسکیم پر عمل کو روک دیا

   

انتخابات کے بعد رقومات جاری کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔/7مئی، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے غیرمعمولی کارروائی کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کو ریتو بھروسہ اسکیم کی رقومات جاری کرنے سے روک دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے حکومت کو ہدایت دی کہ لوک سبھا چناؤ کے بعد ریتو بھروسہ کی امدادی رقم کسانوں کے اکاؤنٹ میں جمع کرائے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریتو بھروسہ کی رقومات فوری طور پر جاری کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد بی جے پی اور بی آر ایس نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی۔ الیکشن کمیشن نے چیف منسٹر کے بیان کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قراردیا۔ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ 5 ایکر سے کم اراضی رکھنے والے کسانوں کو ریتو بھروسہ اسکیم کی رقم جاری کی جائے گی۔ حکومت نے رقومات کی اجرائی کا آغاز کردیا تھا اور بتایا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن کے احکامات تک 2000 کروڑ کسانوں کے اکاؤنٹس میں جاری کردیئے گئے۔ حکومت نے اندرون تین یوم رقومات کی اجرائی مکمل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ الیکشن کمیشن کے احکامات سے حکومت کو دھکہ لگا ہے۔ اسی دوران ریاستی وزراء کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور پونم پربھاکر نے الیکشن کمیشن کے فیصلہ کیلئے بی آر ایس اور بی جے پی کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں سے ہمدردی کا دعویٰ کرنے والی دونوں پارٹیاں کسانوں کے خلاف کام کررہی ہیں۔ ریتو بھروسہ اسکیم پر عمل آوری روکنے والی جماعتوں کو کسان سبق سکھائیں گے۔1