موگا : پنجاب اسمبلی انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن نے اتوار کو اداکار سونو سود کی گاڑی ضبط کر لی جب وہ مبینہ طور پر موگا اسمبلی حلقے میں پولنگ بوتھ پر جا رہے تھے ۔سونو سود کی بہن مالویکا سود موگا اسمبلی سیٹ سے کانگریس کی امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہی ہیں۔سونو سود پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر علاقے کے گاؤں اوراس کے پولنگ بوتھ کا دورہ کرکے ووٹروں کو متاثر کرنے کی کوششکی ۔ شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے پولنگ ایجنٹ نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی کہ سونو سود کے ایک مشہور شخصیت ہونے کی وجہ سے ووٹروں کو متاثر کر سکتے ہیں۔ شکایت ملنے پر الیکشن کمیشن کی ٹیم نے سونو سود کا پیچھا کیا اور ان کی گاڑی ضبط کرکے ان کی سرکاری گاڑی میں ان کے گھر بھیج دیا۔ الیکشن کمیشن نے سود کو ہدایت کی کہ وہ کسی پولنگ اسٹیشن پر نہ جائیں اور گھر پر رہیں۔ سونو سود کی ذاتی گاڑی تھانہ سٹی ون میں کھڑی کر دی گئی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ سونو سود طویل عرصے سے اپنی بہن کے لیے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے ووٹروں کو متاثر کرنے کے لیے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو مسترد کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کے حامیوں سے ووٹنگ کے حوالے سے معلومات لے رہے ہیں۔ سونو سود نے بعد میں سوشل میڈیا پر ٹویٹ کیا اور دیگر سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں پر مبینہ طور پر ووٹروں کو متاثر کرنے اور ووٹ خریدنے کا الزام لگایا اور الیکشن کمیشن سے اس سلسلے میں سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اور موگا پولیس کو بھی ٹیگ کیا ہے ۔
