الیکشن کمیشن نے سینئر آئی اے ایس عہدیدار کی خدمات کو واپس کردیا

   

الیکشن کمشنر رمیش کمار کی گورنر سے ملاقات
حیدرآباد: آندھراپردیش کے اسٹیٹ الیکشن کمشنر رمیش کمار نے سینئر آئی اے ایس عہدیدار وانی موہن کی خدمات کو حکومت کو واپس کردیا۔ رمیش کمار نے گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے فیصلہ سے واقف کرایا ۔ ایک دن قبل کمیشن کے جوائنٹ ڈائرکٹر سائی پرساد کو معطل کیا گیا تھا ۔ الیکشن کمشنر نے گورنر کو بتایا کہ کمیشن کو آئی اے ایس عہدیدار وانی موہن کی خدمات کی ضرورت نہیں ہے ۔ رمیش کمار نے گورنر ہری چندر سے ملاقات کرتے ہوئے کمیشن کی کارکردگی سے واقف کرایا ۔ راج موہن کے ذرائع نے کہا کہ الیکشن کمشنر نے گورنر کو پنچایت انتخابات کے شیڈول کی اجرائی سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے پنچایت انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ گورنر کو ہائی کورٹ کی جانب سے انتخابی شیڈول معطل کرنے کے فیصلہ سے آگاہ کیا گیا ۔ کمیشن سنگل جج کے فیصلہ کو ڈیویژن بنچ پر چیلنج کر رہا ہے ۔ اسی دوران آندھراپردیش ہائی کورٹ نے پنچایت انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کی درخواست کی سماعت 18 جنوری کو مقرر کی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ہاؤز موشن پٹیشن کے ذریعہ سنگل جج کے احکامات پر حکم التواء جاری کرنے کی اپیل کی گئی ۔ کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انتخابی شیڈول کی معطلی سے رائے دہندوں میں الجھن پیدا ہوگی۔ لہذا ہائی کورٹ کو انتخابی عمل میں مداخلت سے گریز کرنا چاہئے ۔