مغربی بنگال کے کئی علاقوں میں پہلی مرتبہ ووٹرس کو راغب کرنے کی کوشش
حیدرآباد ۔27 ۔ مارچ (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مغربی بنگال میں رائے دہی سے متعلق شعور بیداری کیلئے بچوں کے مقبول ترین اینمیٹیڈ کیریکٹر چھوٹا بھیم کی خدمات حاصل کی ہیں ۔ مغربی بنگال میں 23 اور 29 اپریل کو دو مراحل میں رائے دہی ہوگی اور 4 مئی کو نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے چھوٹا بھیم کیریکٹر کے ذریعہ مغربی بنگال کے کئی اضلاع میں شعور بیداری مہم کا آغاز کیا تاکہ رائے دہندوں کو ووٹ کے استعمال کے حق سے واقف کرایا جائے ۔ زیادہ سے زیادہ رائے دہندوں کو ووٹنگ کی ترغیب دینے کیلئے ہوڑہ ضلع میں الیکشن کمیشن نے چھوٹا بھیم کیریکٹر کے ساتھ مہم چلائی ۔ پہلی مرتبہ رائے دہی میں حصہ لینے والے نوجوانوں کے لئے چناؤ کا پرو پسچم بنگال کا گرو کے عنوان سے مہم شروع کی گئی تاکہ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیا جائے ۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کے مطابق ملک بھر میں الیکشن کمیشن نے شعور بیداری مہم شروع کی ہے۔ نئی نسل اور خاص طور پر خاندانوں میں ٹی وی سیریل کے ذریعہ مقبولیت رکھنے والے چھوٹا بھیم کے کیریکٹر کے استعمال سے بہتر نتائج کی امید ہے۔ گرین گولڈ اینمیشن کے فاؤنڈر اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر راجیو چلکا نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ الیکشن کمیشن نے ان کے تیار کردہ کیریکٹر کا شعور بیداری کیلئے انتخاب کیا ہے۔ عوامی مقامات پر چھوٹا بھیم کیریکٹر کے ذریعہ رائے دہی کی اہمیت اور رائے دہی کے طریقہ کار سے واقف کرایا جارہا ہے۔ تفریحی انداز میں دلچسپ پیامات کے ذریعہ یہ مہم کافی مقبول ہوئی ہے۔ گرین گولڈ اینمیشن اسٹوڈیو کا 2001 میں قیام عمل میں آیا جس کے تحت کئی پاپولر کیریکٹر بچوں کیلئے تیار کئے گئے جن میں چھوٹا بھیم اور مائیٹی راجو شامل ہیں۔ حیدرآباد کی اس کمپنی نے اپنی سرگرمیوں میں وسعت دیتے ہوئے ایپس اور گیمس کی تیاری میں اہم رول ادا کیا ہے۔1