الیکشن کمیشن پر انتخابی عمل کو تباہ کرنے کا الزام :پرینکا گاندھی

   

وایناڈ، 18 ستمبر (یو این آئی) کانگریس لیڈر اور وایناڈ کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعرات کو انتخابی کمیشن پر سخت تنقید کی ہے ، انہوں نے الزام لگایا کہ وہ ہندوستان میں انتخابی عمل کو تباہ کرنے اور جمہوریت کو چیلنج کرنے کیلئے سازش کر رہا ہے ۔پرینکا نے موٹِل میں ایک یتیم خانہ میں لوگوں سے جمہوریت کیلئے لڑنے اور آئین، قانون اور ملک کی حفاظت کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں کیا ہو رہا ہے اور انتخابی کمیشن کیسے انتخابی عمل کو تباہ کرنے اور جمہوریت کو چیلنج کرنے کیلئے سازش کر رہا ہے ، اسے سمجھنے کیلئے آپ کو آج رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کی پریس کانفرنس دیکھنی چاہیے ۔اسی دوران ذرائع کے مطابق کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کل ایک روزہ دورے پر وایناڈ آسکتے ہیں، واڈرا کے پارلیمانی حلقے کے دورے میں شامل ہونے اور اہم شخصیات اور قبائلی طبقے سے ملاقات کے امکانات ہیں۔ وایناڈ سیٹ سے رکن پارلیمنٹ واڈرا 11 ستمبر سے اپنے پارلیمانی حلقے کے دس روزہ دورے پر ہیں۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے نیلمبور جنگل میں غاروں میں رہنے والے چول نائکر قبائلی خاندانوں سے ملنے کیلئے کرولائی جنگل میں ٹریکنگ کی، انہوں نے بہتر رہائش اور پلوں کی تعمیر کے مطالبات بھی سنے ۔انہوں نے چہارشنبہ کو کوٹٹیم وایئل میں مجوزہ پادنجارتھارا-پوجی تھوڈ سڑک کا دورہ کیا۔