الیکشن کمیشن پر ٹی آر ایس سے ملی بھگت کا الزام

   

ناگی ریڈی کا کانگریس قائدین کے ساتھ نازیبا رویہ ، ششی دھر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی اور کنوینر جی نرنجن نے سوریا پیٹ کے نروڈو چرلہ میونسپلٹی میں انتخابی دھاندلیوں کے خلاف اسٹیٹ الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی ۔ لمحہ آخر میں ٹی آر ایس رکن کونسل سبھاش ریڈی کا نام ووٹرس کی فہرست میں شامل کرنے کو غیر قانونی اور غیر دستوری قرار دیتے ہوئے انتخاب منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ششی دھر ریڈی نے الیکشن کمیشن بالخصوص کمشنر ناگی ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دستوری عہدہ پر فائز رہتے ہوئے ناگی ریڈی نے دستور کی خلاف ورزی کی ہے۔ حکومت سے ملی بھگت کے ذریعہ نروڈو چرلہ اور دیگر علاقوں میں ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے میں مدد کی گئی ۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ لعنت ہے ایسے کمیشن پر جو جمہوریت اور دستور کے تحفظ کے بجائے اس کے قتل کا ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے طئے کردہ ناموں کے مطابق ارکان پارلیمنٹ اسمبلی اور کونسل رائے دہی میں حصہ لیتے ہیں لیکن کل نئی فہرست تیار کی گئی جس میں ٹی آر ایس رکن کونسل سبھاش ریڈی کا نام شامل کیا گیا۔ کمیشن س بارہا نمائندگیوں کا کوئی اثر نہیں ہوا ، لہذا ناگی ریڈی آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہیں عہدہ پر برقراری کا حق حاصل نہیں ہے ۔ ششی دھر ریڈی نے اتم کمار ریڈی اور کے وی پی رام چندر راؤ کی گرفتاری کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بدقسمتی ہے کہ الیکشن کمیشن نے دن دھاڑے جمہوریت کا قتل کیا ہے ۔ بات ایک نشست کی نہیں بلکہ اصولوں کی ہے ۔ انتخابی عمل شروع ہونے کے بعد فہرست تبدیل نہیں کی جاسکتی لیکن الیکشن کمیشن نے ٹی آر ایس پارٹی سے ملی بھگت کے ذریعہ دستور کی خلاف ورزی کی ہے ۔ جی نرنجن نے الیکشن کمیشن پر جانبداری اور برسر اقتدار پارٹی کے حق میں کام کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنر ناگی ریڈی نے کانگریس قائدین کے ساتھ بدتمیزی کا مظاہرہ کیا اور انتہائی گھٹیا انداز میں گفتگو کی ۔ ناگی ریڈی کی گفتگو ان کے عہدہ کے شیان شان نہیں ہے۔ انہیں سیاسی جماعتوں اور قائدین کی توہین کا کوئی حق نہیں ۔ کمشنر کی حیثیت سے زبان پر لگام دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے رائے دہندوں کی تعداد میں اضافہ کو افسوسناک قرار دیا ۔ نرنجن نے کہا کہ ناگی ریڈی نے کانگریس قائدین سے ملاقات نہیں کی جبکہ ٹی آر ایس قائدین اورکے کیشو راؤ کو ملاقات کا موقع دیا۔