پٹنہ 27 جولائی (یواین آئی) بہار راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے ترجمان چترنجن گگن نے الیکشن کمیشن کے حوالے سے میڈیا میں شائع اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) سے متعلق اعداد و شمار کو مسترد کرتے ہوئے اسے ناقابل اعتبار اور بے بنیاد قرار دیا ہے ۔ گگن نے کہا کہ شائع شدہ اعداد و شمار 65.2 لاکھ لوگوں کے نام ووٹر لسٹ سے حذف ہونے کی بات کرتے ہیں۔ ان اعداد و شمار پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کا فارم جمع نہیں ہوا ہے ا نہیں مردہ ،دوسری جگہ منتقلی، ڈبل رجسٹریشن اور ٹریس لیس کے طور پر درجہ بندی کے ساتھ بغیر کسی بنیاد اور واضح جانکاری کے کیا گیا ہے ۔ آر جے ڈی کے ترجمان نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق ووٹر لسٹ میں تقریباً 22 لاکھ ووٹروں کو مردہ تصور کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیران کن بات یہ ہے کہ جنوری 2025 سے صرف چھ ماہ میں 22 لاکھ ووٹروں کی موت ہو گئی جبکہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے 2023 میں کی گئی نظر ثانی اور 2024 میں کی گئی نظرثانی کے درمیان ایک سال میں ووٹر لسٹ سے صرف 4.09 لاکھ ووٹروں کے نام نکالے گئے تھے جس میں مرنے والوں کے علاوہ کچھ اور نام بھی ہو سکتے ہیں۔ ریاستی حکومت کے محکمہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں بہار میں اموات کی کل تعداد 4,48000 ہے ۔ 2022 سے 2024 کے درمیان تین برسوں میں اموات کی کل تعداد 1243000 بتائی جاتی ہے ۔ اب صرف چھ ماہ میں 22 لاکھ ووٹروں کی موت کا اعداد و شمار انتہائی حیران کن ہے ۔