انتخابات والی ریاستوں میں آسام، کیرالا، پڈوچیری اور مغربی بنگال قابل ذکر، الیکشن پینل کا پریس نوٹ
نئی دہلی، 3 اپریل (یو این آئی) ہندوستان کے الیکشن کمیشن نے 2026 میں ہونے والے کئی ریاستوں کے اسمبلی انتخابات اور ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کے دنوں میں تمام اہل ووٹروں کے لیے بامعاوضہ چھٹی (پیڈ ہالی ڈے ) لازمی قرار دے دی ہے ۔ اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ ووٹروں کی شرکت کو یقینی بنانا اور انتخابی عمل تک رسائی کو آسان بنانا ہے ۔ الیکشن پینل کے ایک پریس نوٹ کے ذریعے کیے گئے اس اعلان میں 15 مارچ 2026 کو جاری کردہ انتخابی شیڈول کا حوالہ دیا گیا ہے ، جس میں آسام، کیرالہ، پڈوچیری، تمل ناڈو اور مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات کے ساتھ ساتھ گوا، گجرات، کرناٹک، مہاراشٹر، ناگالینڈ اور تریپورہ کے آٹھ حلقوں میں ضمنی انتخابات شامل ہیں۔ پولنگ مختلف خطوں میں مرحلہ وار ہوگی۔ آسام، کیرالہ، پڈوچیری، گوا، کرناٹک، ناگالینڈ اور تریپورہ میں 09 اپریل 2026 کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ تمل ناڈو، گجرات اور مہاراشٹر میں 23 اپریل 2026 کو پولنگ ہوگی، جبکہ مغربی بنگال میں دو مراحل میں 23 اپریل اور 29 اپریل 2026 کو انتخابات منعقد ہوں گے ۔ عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کے سیکشن 135B کا حوالہ دیتے ہوئے ، کمیشن نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی کاروبار، تجارت، صنعتی ادارے یا دیگر اداروں میں ملازم ہر فرد جو ووٹ ڈالنے کا حق رکھتا ہے ، اسے پولنگ کے دن بامعاوضہ چھٹی دی جانی چاہیے ۔ کمیشن نے واضح کیا کہ ایسی چھٹی کی وجہ سے اجرت میں کوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی اور خبردار کیا کہ اس دفعہ کی خلاف ورزی کرنے والے آجروں (مالکان) کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ ہدایت صرف کل وقتی ملازمین تک محدود نہیں بلکہ اس میں روزانہ اجرت پر کام کرنے والے اور عارضی ملازمین بھی شامل ہیں، تاکہ اقتصادی طور پر کمزور طبقات کام کی مجبوریوں کی وجہ سے اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ رہیں۔ کمیشن نے وضاحت کی کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اور عارضی کارکن بھی پولنگ کے دن بامعاوضہ چھٹی کے حقدار ہیں۔ ووٹنگ کی سہولت کے لیے کمیشن نے مزید کہا کہ وہ ملازمین جو اپنے رجسٹرڈ حلقوں سے باہر کام کر رہے ہیں، وہ بھی اس چھٹی کے اہل ہوں گے ۔ اس کا مقصد ایسے ووٹروں کو مالی نقصان کے بغیر سفر کرنے اور اپنا ووٹ ڈالنے کی اجازت دینا ہے۔
بیان میں کہا گیا، “وہ ووٹرز جو اپنے حلقے سے باہر کے اداروں میں کام کر رہے ہیں لیکن پولنگ ایریا میں بطور ووٹر رجسٹرڈ ہیں، وہ بھی اس فائدے کے حقدار ہوں گے ۔”
کمیشن نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کریں۔ حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ فعال اقدامات کریں تاکہ “تمام ووٹرز آزادانہ اور آسانی سے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر سکیں۔” اس اقدام کو جمہوری شرکت کو مضبوط بنانے اور ان رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو شہریوں، خاص طور پر محنت کش طبقے کو ووٹ ڈالنے سے روک سکتی ہیں۔