الیکشن کمیشن کو برخواست کیا جائے ‘ ارکان کے خلاف تحقیقات پر زور

   

کمیشن میں تقررات کی اہلیت سپریم کورٹ دستوری بنچ طئے کرے ۔ کانگریس لیڈر آنندشرما
نئی دہلی ۔ سینئر کانگریس لیڈر آنند شرما نے آج مطالبہ کیا کہ موجودہ الیکشن کمیشن کو برخواست کردیا جائے اور اس کے ارکان کے خلاف تحقیقات کی جائیں کیونکہ کمیشن نے رائے دہندوں کے اعتماد کو ٹھیس پہونچائی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کی ایک دستوری بنچ کے ذریعہ چیف الیکشن کمشنر اور دوسرے الیکشن کمشنران کے تقرر کیلئے مناسب اہلیت کا تعین کیا جانا چاہئے ۔ سابق مرکزی وزیر نے یہ ریمارک ایسے وقت میں کئے ہیں جبکہ کل ہی ملک کی پانچ ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہوا ہے ۔ مسٹر شرما نے کہا کہ حالیہ انتخابات اور الیکشن کمیشن کے طرز عمل نے تشویش پیدا کردی ہے ۔ موجودہ الیکشن کمیشن کو برخوسات کردیا جانا چاہئے اور اس کے ارکان نے جو اقدامات کئے ہیںان کی تحقیقات کروائی جانی چاہئے ۔ الیکشن کمیشن نے خود اپنا امیج خراب کرلیا ہے اور اس نے ووٹرس کے اعتماد کو ٹھیس پہونچائی ہے ۔ انہوںنے ایک بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ کی ایک دستوری بنچ کے ذریعہ الیکشن کمیشن کے امتزاج اور تقررات کی اہلیت کا تعین بھی کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کروانے سے متعلق دستوری ذمہ داری کی خلاف ورزی کی ہے ۔ کمیشن نے انتہائی جانبدارانہ رویہ اختیار کیا ۔ بنگال میں اس نے جو بھی فیصلے کئے تھے وہ حیرت انگیز اور قابل مذمت تھے ۔ کئی مواقع پر کمیشن نے بی جے پی کے حلیف کے طور پر کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بنگال میں انتخابی ریلیاں کسی تحدیدات کے بغیر منعقد کرنے کی اجازت دی جس کے نتیجہ میں کورونا بڑی تیزی سے پھیل گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے پھیلاو میں اصل ذریعہ بننے پر کمیشن کو ذمہ دار قرار دیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جب وائرس بہت زیادہ پھیل گیا اس وقت آخری مرحلہ میں صرف دکھاوے کے اقدامات کئے گئے ۔ اس سے کسی کو بیوقوف تو نہیں بنایا جاسکے لیکن یہ شہریوں کی بصیرت کی توہین ہوئی ہے ۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن پر کئی گوشوں سے تنقیدیں ہو رہی ہیں۔ ترنمول کانگریس سربراہ ممتابنرجی نے بھی کمیشن پر جانبداری کا الزام عائد کیا ہے ۔ حال میں مدراس ہائیکورٹ نے شدید ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن ہی کورونا پھیلاو کیلئے ذمہ دار ہے اور اس کے ارکان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جانا چاہئے ۔ کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اس نے کورونا قواعد کی خلاف ورزی کو روکنے کوئی اقدام نہیں کئے ہیں جس کے نتیجہ میں کورونا وائرس شدت سے پھیل گیا ہے ۔