الیکشن کمیشن کو طے کرنے دیں ‘اصلی’ شیوسینا کس کی ہے، ایکناتھ شندے نے سپریم کورٹ سے کی درخواست

   

نئی دہلی:مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے اتوار کے روز سپریم کورٹ سے ادھو ٹھاکرے کی ٹیم کی سبھی درخواستوں کو خارج کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ الیکشن کمیشن کو یہ فیصلہ کرنے دیا جائے کہ اصلی شیو سینا کس دھڑے کی ہے۔ ضروری تعداد ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے شندے نے یہ بھی کہا کہ عدالتوں کو ” اکثریت کے ذریعہ جمہوری طریقہ سے لئے گئے” پارٹی کے داخلی فیصلوں میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے ۔ ٹھاکرے کا گروپ نہیں چاہتا کہ الیکشن کمیشن ابھی شیوسینا کو لے کر فیصلہ کرے ۔گزشتہ پیر کو ٹھاکرے گروپ نے عدالت سے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن کو شندے کی قیادت میں “باغی” ایم ایل ایز کو نااہل قرار دینے کی درخواستوں پر کوئی بھی فیصلہ لینے سے روکے۔ ‘اصلی شیو سینا کون ہے’ کا سوال پہلے ہی الیکشن کمیشن کے پاس ہے، جس نے 8 اگست تک دونوں فریقوں سے ثبوت مانگے ہیں، جس کے بعد وہ اس معاملہ کی سماعت کرے گا۔ یہاں شندے اور ٹھاکرے دونوں ہی اصلی شیوسینا ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں ۔ دراصل الیکشن کمیشن ہی کسی پارٹی کو منظوری دیتا ہے۔