الیکشن کمیشن کو کسی بھی قائد کو انتخابی مہم سے ہٹانے کا اختیار نہیں

,

   

Ferty9 Clinic

کمل ناتھ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ، ہٹانے یا نہ ہٹانے کا فیصلہ صرف پارٹی کرسکتی ہے : چیف جسٹس بوڈے

نئی دہلی : الیکشن کمیشن کی جانب سے مدھیہ پردیش انتخابات کے لئے کانگریس کے اہم قائد کمل ناتھ کو انتخابی مہم سے ہٹانے کے حکم کو سپریم کورٹ نے مسترد کرتے ہوئے اس پر روک لگادی ہے۔ چیف جسٹس آف انڈیا ایس اے بوبڈے نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو اس نوعیت کے حکم جاری کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کی جانب سے داخل کردہ ایک درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ایس اے بوبڈے نے ریمارک کیاکہ الیکشن کمیشن کو یہ اختیار کس نے دیا کہ وہ انتخابی مہم چلانے والے کسی اہم امیدوار کو ہٹادے۔الیکشن کمیشن کو یہ اختیار کیسے حاصل ہوگیا کہ وہ یہ فیصلہ کرے کہ کسی بھی سیاسی پارٹی کا قائد کون ہوسکتا ہے؟ یہ اختیار صرف پارٹی کو ہوتا ہے کہ وہ انتخابی ہم کیلئے کسی اسٹار کمپینر (مہم چلانے والی اہم شخصیت) کا فیصلہ کرے۔ یاد رہے کہ 30 اکٹوبر کو الیکشن کمیشن نے کمل ناتھ کے اسٹار کمپینر کے موقف کو ختم کردیا تھا جو دراصل کمل ناتھ کے بعض متنازعہ ریمارکس کا شاخسانہ تھا جس کے لئے الیکشن کمیشن نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا کرتے ہوئے کمل ناتھ انتخابی ضابطہ اخلاقی کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تھے۔ ان کو متعدد بار انتباہ بھی دیا گیا تھا لیکن انھوں نے انتباہ کو نظرانداز کردیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے اپنے حکمنامہ میں یہ واضح طور پر کہا تھا کہ کمل ناتھ نے ایک سیاسی پارٹی کا قائد ہونے کے باوجود انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل آوری نہ کرتے ہوئے کئی بار خلاف ورزی کی۔ گزشتہ ماہ ڈابرا میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کمل ناتھ نے خاتون امیدوار امرتی دیوی پر رکیک فقرے کسے تھے۔ امرتی دیوی ایک سابق کانگریسی قائد ہیں جنھوں نے جیوتر آدتیہ سندھیا کے 22 وفاداروں کے ساتھ پارٹی چھوڑ دی تھی جس سے اُس وقت وہاں کمل ناتھ حکومت گرگئی تھی۔ انتخابی ریالی میں کمل ناتھ نے جس کانگریسی قائد کی حمایت میں شرکت کی تھی اُس کے بارے میں یہ کہتے ہوئے یہ الفاظ کہے کہ کانگریس امیدوار ایک بیحد سادہ لوح انسان ہیں جبکہ اُن کے (کانگریس امیدوار) خلاف کھڑی ہوئی امیدوار امرتی دیوی ایک ’’آئٹم‘‘ ہیں جس کے بعد الیکشن پیانل نے اُنھیں اس طرح واہیات الفاظ استعمال کرنے پر انتباہ دیا تھا کیوں کہ اُس وقت انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل آوری کی جارہی تھی لیکن حیرت انگیز طور پر کمل ناتھ نے ایک اور اشتعال انگیز بیان دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو ایک ’’نوٹنکی کلاکار‘‘ قرار دیتے ہوئے اُنھیں ممبئی جاکر فلموں میں اداکاری کرنے کا مشورہ دیا تھا۔