فہرست رائے دہندگان پر نظرِ ثانی اور شفاف رائے دہی پر توجہ کی ہدایت
حیدرآباد۔/16 جولائی، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تلنگانہ میں انتخابی تیاریوں کے تحت بوتھ لیول عہدیداروں کیلئے ٹریننگ پروگرامس کا آغاز کیا ہے۔ ریاست کے 34891 بوتھ سطح کے عہدیداروں کیلئے جن کا تعلق 33 اضلاع سے ہے حیدرآباد میں ٹریننگ پروگرام منعقد کیا گیا۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بوتھ سطح کے عہدیداروں کی ٹریننگ کی اہمیت اس اعتبار سے بھی زیادہ ہے کہ وہ آزادانہ و منصفانہ رائے دہی کو یقینی بناسکتے ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی۔ بوتھ سطح کے عہدیداروں کو پولنگ بوتھ کے تمام امور کی ذمہ داری رہتی ہے اس کے علاوہ فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی میں ان کا اہم رول ہے۔ الیکشن کمیشن 18 جولائی کو اسمبلی سطح کے ماسٹر ٹرینرس کیلئے تربیتی پروگرام منعقد کرے گا۔ 19 جولائی سے ضلع واری سطح کے آفیسرس کی ٹریننگ ہوگی اور 25 جولائی کو ٹریننگ کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ وکاس راج نے اپنے خطاب میں کہا کہ انتخابات میں الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کے رول کی غیر معمولی اہمیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے قاعدگیوں سے پاک فہرست رائے دہندگان کی تیاری میں بوتھ سطح کے عہدیداروں کو اہم رول ادا کرنا چاہیئے۔ ریاست میں فہرست رائے دہندگان پر دوسرے مرحلہ کی نظرثانی مہم جاری ہے جس کے تحت بوتھ سطح کے عہدیداروں کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ اضافی ناموں کا گھر گھر پہنچ کر جائزہ لیں۔ر