الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ ہیک‘ 10 ہزار فرضی ووٹر، ایک گرفتار

   

نئی دہلی : الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ ہیک کیے جانے کا ایک سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ویب سائٹ ہیکر کرنے اور نکود علاقے میں اپنی کمپیوٹر کی دکان میں ہزاروں فرضی ووٹر شناختی کارڈ بنانے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سائبر ہیکروں نے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ ہیک کر کے تین ماہ میں 10 ہزار سے زیادہ ووٹر شناختی کارڈ بنائے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص وپل سینی اسی پاسورڈ سے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر لاگ ان کرتا تھا، جس کا استعمال الیکشن کمیشن کے افسر کر رہے تھے۔خبروں کے مطابق الیکشن کمیشن نے ویب سائٹ پر کچھ حرکت دیکھی تھی اور کئی جانچ ایجنسیوں کو اس معاملے کی اطلاع دی تھی۔ جانچ کے دوران سینی کی جگہ کا پتہ لگایا گیا اور سہارنپور پولیس کو مطلع کیا گیا۔ سائبر سیل اور سہارنپور کرائم برانچ کی مشترکہ ٹیم نے جمعرات کو سینی کو مچھرہیڑی گاوں سے گرفتار کیا ہے۔سینی کے پاس کمپیوٹر ایپلی کیشن (بی سی اے) میں گریجویشن کی ڈگری ہے۔