ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے سخت مذمت کی، سوشل میڈیا کیلئے ویڈیو جاری کیا
حیدرآباد ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے ایک ووٹ کیلئے کانگریس سے 5 ہزار روپئے طلب کرنے کا کے ٹی آر نے رائے دہندوں کو جو مشورہ دیا ہے اس کا ازخود جائزہ لیتے ہوئے کے ٹی آر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے۔ پونم پربھاکر نے سوشل میڈیا کے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دورحکومت میں غیرقانونی طریقہ سے کمائی گئی دولت سے ماضی میں بی آر ایس نے اپنی کامیابی کیلئے ووٹ خریدا تھا۔ اب وہی الزام کانگریس پر لگایا جارہا ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے ٹی آر کے ان ریمارکس کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد کے ضمنی انتخاب میں بی آر ایس پارٹی نے ایک ووٹ 6 ہزار روپئے میں خریدا تھا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ جوبلی ہلز میں کانگریس کی لہر چل رہی ہے جس سے بی آر ایس اور کے ٹی آر خوفزدہ ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کیلئے کے ٹی آر کانگریس پارٹی کے خلاف جھوٹے بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں۔ کے ٹی آر کو اندازہ ہوگیا ہیکہ جوبلی ہلز میں بی آر ایس کے پیروں تلے زمین کھسک رہی ہے۔ بوکھلاہٹ میں کے ٹی آر کیا کہہ رہے ہیں خود انہیں پتہ نہیں ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ جوبلی ہلز کے عوام باشعور ہیں۔ کانگریس کا 2 سالہ دورحکومت بی آر ایس کے 10 سالہ دورحکومت پر بھاری ہے۔ کنٹومنٹ کے ضمنی انتخاب میں جس طرح کامیابی حاصل کی تھی اس طرح جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں بھی کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ کانگریس پارٹی نے 200 یونٹ تک مفت برقی، 500 روپئے میں گیس سلنڈر، نئے راشن کارڈس، باریک چاول کی سربراہی، خواتین کو بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی ہے۔2