ڈی جی پی اور دیگر عہدیداروں کی شرکت، ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری
حیدرآباد۔/17 مارچ، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے لوک سبھا چناؤ کے شیڈول کی اجرائی کے بعد چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے چناؤ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس روی گپتا اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں وکاس راج نے کہا کہ آزادانہ و منصفانہ رائے دہی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے پیش نظر ریاست بھر میں عہدیداروں کو چوکسی کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں رائے دہندوں کی جملہ تعداد 32995735 درج کی گئی ہے۔ ناموں کی شمولیت کیلئے خصوصی مہم کے دوران 920388 رائے دہندوں کے نام شامل کئے گئے۔ سرویس ووٹرس کی تعداد 15394 ہے جبکہ معذور رائے دہندوں کی تعداد 526335 درج کی گئی۔ این آر آئی رائے دہندے 3401 ہیں۔ تلنگانہ میں پولنگ اسٹیشنوں کی جملہ تعداد35356 ہے جن میں شہری علاقوں میں 14379 اور دیہی علاقوں میں 20977 پولنگ اسٹیشن ہیں۔ ہر پولنگ اسٹیشن میں کم ازکم 394 رائے دہندے شامل کئے گئے ہیں۔ بوتھ لیول عہدیداروں کی تعداد 35356 ہے۔ خواتین کے پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 597 ہے جبکہ معذورین 119 پولنگ اسٹیشن ہیں۔ ماڈل پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 644 درج کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں میں برقی، پانی، ٹائیلٹ اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ معذورین کیلئے وہیل چیر اور پولنگ اسٹیشن میں ریمپ کا انتظام رہے گا۔ وکاس راج کے مطابق پریسائیڈنگ آفیسرس کی تعداد46403 رہے گی اور مائیکرو آبزرورس 7169 رہیں گے۔ پولنگ عملے کی ٹریننگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حساس علاقوں میں زائد پولیس دستے تعینات کئے جائیں گے۔1
