’الیکشن کے اعلان تک ملک میں کچھ بھی ہوسکتا ہے‘

   

صورتحال کو غور سے دیکھنے اور صبر و تحمل سے نمٹنے کی ضرورت : نتیش کمار
پٹنہ 4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکز اور حکومت مغربی بنگال کے درمیان تصادم پر مختلف سوالات کو ٹالتے ہوئے بہار کے چیف منسٹر اور جے ڈی (یو) لیڈر نتیش کمار نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات کے اعلان تک ملک میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ تاہم انھوں نے موجودہ بحران کے پیش نظر مودی حکومت کی طرف سے ممتا بنرجی حکومت کو بیدخل کرنے کے کسی اندیشے کو واضح طور پر مسترد کردیا۔ نتیش کمار نے کہاکہ ماضی میں کانگریس اکثر اپنی مرضی سے صدر راج نافذ کیا کرتی تھی لیکن اس کے برعکس اب سپریم کورٹ کی طرف سے اس کے لئے واضح رہنما خطوط جاری کئے جاچکے ہیں۔ نتیش نے کہاکہ ’سی بی آئی اور حکومت مغربی بنگال کے درمیان جو کچھ ہورہا ہے اس کا جواب خود اُنھیں ہی دینے دیجئے۔ دوسروں کے بارے میں تبصرے کرنا میری عادت نہیں ہے۔ لیکن یہ سب کچھ بمشکل ایک مہینہ یا چند دن اور چلتا رہے گا پھر الیکشن کمیشن کی طرف سے انتخابی شیڈول جاری کردیا جائے گا اور ضابطہ اخلاق نافذ العمل ہوجائے گا‘۔ نتیش کمار نے کہاکہ ’ملک بھر میں تلخیوں اور کشیدگی کا ماحول ہے اور ہم کچھ بھی ہوتا ہوا دیکھ سکتے ہیں۔ ایک مہینہ میں سب کچھ ہوسکتا ہے۔ اس کو غور سے دیکھنے اور صبر و تحمل کے ساتھ نمٹنے کی ضرورت ہے‘۔