الیکشن کے وقت عوام کو رجھانے قیمتوں میں معمولی کمی ناکافی

,

   

انتخابی فائدہ اٹھانے کی چالیں ناکام ہوں گی، ایندھن پر اکسائز ڈیوٹی میں کمی پر پرینکا گاندھی کا ردعمل

نئی دہلی: مرکزی حکومت کی جانب سے چہارشنبہ کو پٹرول اور ڈیزل پر اکسائز ڈیوٹی میں ترتیب وار 5 روپئے اور 10 روپئے فی لیٹر کی کٹوتی کے اقدام پر اپوزیشن کانگریس نے ملاجلاردعمل ظاہر کیا ہے۔ پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ انتخابات کے وقت عوام کو خوش کرنے کیلئے ایندھن کی قیمتوں میں معمولی کمی کی جاتی ہے تو مہنگائی کو ہٹانے میں مدد نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ صرف مرکزی حکومت کی طرف سے اکسائز ڈیوٹی میں کمی کردینا کافی نہیں۔ مرکز کو چاہئے کہ تمام ریاستوں و دیگر علاقوں کو بھی ایندھن پر اکسائز ڈیوٹی میں متوازی کٹوتی کی کامیاب ترغیب دیں۔ پرینکا نے کہا کہ تہواروں کے موسم میںپٹرول اور ڈیزل سے لیکر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ ایک ماہ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 8 سے 9 روپئے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔ سبزی اور کھانے کا تیل بھی مہنگا فروخت ہورہا ہے۔ اپوزیشن مہنگائی کے حوالے سے مسلسل حکومت کو نشانہ بنا رہی ہے۔پرینکا گاندھی نے مہنگائی پرحکومت کو گھیرتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار وں کا وقت ہے اور عام آدمی مہنگائی سے پریشان ہے۔ عوام معاف نہیں کریں گے۔پرینکا نے کہاکہ یہ تہوار کا وقت ہے، عوام مہنگائی سے پریشان ہیں۔ بی جے پی حکومت کی لوٹ والی سوچ نے تہوار وں سے پہلے مہنگائی کم کرنے کے بجائے، گیس سلنڈر، پٹرول، ڈیزل، تیل، سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ اب عوام کو خوش کرنے کیلئے الیکشن کے وقت بی جے پی 1، 2 روپئے یا اس سے کچھ زائد کی کمی کرکے عوام کے درمیان جائے گی، تب اسے مناسب جواب ملے گا، لوگ معاف نہیں کریں گے۔پرینکا گاندھی کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اب تک کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ دہلی میں پٹرول 110 روپئے سے زائدہے جبکہ ڈیزل 98 روپئے سے زیادہ فروخت ہو رہا ہے۔ ممبئی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بالترتیب 115.85 روپئے اور 106.62 روپئے فی لیٹر ہے۔