الیکشن کے پیش نظر عہدیداروں کے تبادلوں میں تیزی

   

Ferty9 Clinic

دھاندلیوں اور رشوت کا بازار گرم، عہدیداروں میں ناراضگی

حیدرآباد۔2۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے تلنگانہ میں انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں جاری کردہ مکتوبات اور ہدایات کے مطابق مختلف محکمہ جات میں خدمات انجام دے رہے عہدیداروں کے تبادلوں کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور ان تبادلوں میں جاری دھاندلیوں اور بھاری رشوت نے عہدیداروں میں شدید ناراضگی پیدا کردی ہے۔محکمہ مال میں خدمات انجام دینے والے تحصیلداروں کے تبادلوں کے عمل کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ تحصیلداروں کو ضلع الاٹ کرنے کے لئے بھی بھاری رقومات وصول کی جار ہی ہیں اور انہیں اس بات کا پابند بنایا جا رہاہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں برسراقتدار جماعت کی مدد کو یقینی بنائیں ۔ اعلیٰ عہدیدارو ںنے ان شکایات کے سلسلہ میں دریافت کرنے پر کہا کہ انتخابات سے قبل کئے جانے والے تبادلوں کے دوران برسراقتدار سیاسی جماعت کے قائدین اپنے پسندیدہ عہدیداروں کو اپنے حلقہ جات میں ذمہ داریاں دلوانے کی کوشش کرتے ہیں یہ کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن گذشتہ 9 برسوں کے دوران تبادلوں اور تقررات کے سلسلہ میں جاری بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کی سابق میں کوئی نظیر نہیں ملتی کیونکہ تبادلوں کے لئے بھی بھاری رقومات کی وصولی کے علاوہ سیاسی قائدین اور انتخابات میں برسراقتدار جماعت کی مدد کرنے والوں کو ترجیح دیئے جانے پر ناراضگی دیکھی جا رہی ہے۔ ریاست کے مختلف محکمہ جات میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کے تبادلوں اور ان کی خدمات کو اسی جگہ جاری رکھنے کے علاوہ دیگر معاملات میں ریاستی حکومت کے وزراء اور ارکان اسمبلی کی سفارشات کی خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے تاکہ آئندہ انتخابات میں یہ عہدیدار ان ارکان اسمبلی کو انتخابات کے دوران مدد کرسکیں۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کردہ اس پالیسی پر اپوزیشن جماعتوں کی گہری نظر ہے اور وہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے ان اقدامات کو کالعدم قرار دلوانے کے لئے انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے بعد عدالت سے رجوع ہونے کی تیاری میں مصروف ہیں تاکہ عین انتخابات سے قبل کئے جانے والے تبادلوں میں جاری بدعنوانیوں اور اپنے پسندیدہ عہدیداروں کو ایسے مقامات پر تقرر کیا جانا جہاں ان کے رہنے سے سیاسی فائدہ حاصل ہواس کی مکمل نشاندہی کی جار ہی ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کا کہنا ہے کہ سابق میں انتخابات سے قبل کئے جانے والے تبادلوں میں اعلیٰ عہدیداروں کے تبادلوں اور اپنے من پسند عہدیداروں کو اہم ذمہ داریاں فراہم کرنے کے اقدامات کئے جاتے تھے لیکن موجودہ حکومت کی جانب سے بیشتر تمام محکمہ جات میں نہ صرف اعلیٰ عہدیداروں کے تبادلہ کئے جارہے ہیں بلکہ نچلے درجہ کے عہدیداروں کے بھی تبادلوں اور انہیں پوسٹنگ کے لئے بھاری رقومات کی وصولی اور ان سے مدد کا تیقن حاصل کرنے کے بھی ہی ان کی پسندیدہ جگہ پر تبادلہ کیا جا رہاہے ۔م