الیکٹرانک اشیاء کی کمپنی سیمسنگ سے ہندوستان میں ملازمتوں کے مواقع بند

   

کمپنی سے 200 ملازمین برخاست ، اشیاء کی فروخت میں گراوٹ پر اقدام
حیدرآباد۔11 ۔ ستمبر ۔ (سیاست نیوز) انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیو ںکے بعد اب صارفین کے استعمال کی اشیاء تیار کرنے والی کمپنیوں نے بھی ملازمین کی تخفیف کا عمل شروع کردیا ہے۔ ہندستان میں سرکردہ الکٹرانک اشیاء کی تیاری کرنے والی کمپنی سیمسنگ نے اپنے 200 ملازمین کو برطرف کرتے ہوئے انہیں کمپنی سے نکال دیا ہے۔ سیمسنگ کمپنی کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ کے بعد کہا جارہا ہے کہ کمپنی نے ہندستان میں اپنی اشیاء کی فروخت میں ہونے والی گراوٹ کو دیکھتے ہوئے کمپنی کے 20 فیصد ملازمین کی تخفیف کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سیمسنگ کمپنی نے جن ملازمین کو برطرف کیا ہے انہیں 3ماہ کی تنخواہ اور ملازمت کی مدت کے اعتبار سے ہر سال ایک ماہ کی تنخواہ ادا کی گئی ہے۔ کمپنی کے ذرائع کے مطابق کمپنی کے ذمہ داروں نے فیصلہ کیا ہے کہ سیمسنگ انڈیا میں کوئی نئی ملازمتوں کے لئے اعلامیہ جاری نہیں کیا جائے اور جو سبکدوش ہورہے ہیں ان کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات نہیں کئے جائیں گے اور نہ ہی برطرفی کے سبب خالی ہونے والی جائیدادوں پر کوئی تقررات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ سہ ماہی کے دوران کمپنی کی جانب سے ہندستان میں سیمسنگ کی تیار کردہ اشیاء کی فروخت میں اضافہ کے اقدامات اور اس کی منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ کمپنی میں برسرخدمات عملہ کو نشانہ مقرر کرتے ہوئے انہیں اس نشانہ کے حصول کو یقینی بنانے کی تاکید کی جائے گی۔3