الیکٹرانک اورسوشیل میڈیا کے باوجود اخبارات کی اہمیت برقرار

   

جنوری تا جون اخبارات کی فروخت میں اضافہ، اے بی سی رپورٹ میں انکشاف

حیدرآباد ۔ 12 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) ملک میں الیکٹرانک اور سوشیل میڈیا میں اضافہ کے باوجود اخبارات کی اہمیت اور وقار میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ عوام آج بھی قابل اعتبار خبروں اور تفصیلی معلومات کے لئے اخبارات کے مطالعہ کو ترجیح دے رہے ہیں۔ آڈٹ بیورو آف سرکولیشن کی جانب سے جنوری تا جون 2025 آڈٹ مدت کی رپورٹ جاری کی گئی جس کے مطابق ملک میں گزشتہ سال کے مقابلہ اخبارات کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ سکریٹری جنرل آڈٹ بیورو آف سرکولیشن عادل کسد کے مطابق جنوری تا جون 2025 کے دوران ڈیلی نیوز پیپرس کی اوسطاً فروخت 29744148 کاپیاں درج کی گئیں جبکہ جولائی تا ڈسمبر 2024 کے دوران اخبارات کی فروخت کی تعداد 28941876 درج کی گئی تھی۔ اس مدت کے دوران اخبارات کی فروخت میں 2.77 فیصد کا اضافہ ہوا۔ ڈیلی نیوز پیپرس کی 802272 زائد کاپیاں فروخت ہوئی ہیں جو پرنٹ میڈیا انڈسٹری کیلئے ایک اچھی خبر ہے جس سے عوام میں اخبارات کے مطالعہ میں اضافہ کے رجحان کا پتہ چلتا ہے۔ اے بی سی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قابل اعتبار ، تصدیق شدہ خبروں اور تفصیلی معلومات کیلئے عوام آج بھی اخبارات پر بھروسہ کرتے ہیں۔ اخبارات کے سرکولیشن میں اضافہ دراصل پرنٹ میڈیا کی مضبوط کارکردگی کا ثبوت ہے۔ خبروں کے ساتھ ساتھ اشتہارات کے معاملہ میں قارئین کا پرنٹ میڈیا پر اٹوٹ ایقان برقرار ہے ۔1