الیکٹرانک سگریٹ فروختگی کے خلاف کارروائی ، دو گرفتار

   

حیدرآباد /26 ستمبر ( سیاست نیوز ) شہر میں الیکٹرانک سگریٹس کو فروخت کرنے والے دو افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 24 سالہ عمران عالم ساکن گھانسی منڈی اور 23 سالہ قمر الدین ساکن بیگم بازار کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 29 الیکٹرانک سگریٹ مشین اور فلیورس کو ضبط کرلیا ۔ عمران اور قمر الدین دونوں بلکم پیٹ ایس آر نگر حدود میں ایک پان شاپ چلاتے ہیں اور ان دونوں نے پان شاپ کے کاروبار کے ساتھ ممنوعہ الکٹرانک سگریٹ اور مشین کی مارکیٹنگ اور فروخت شروع کی تھی ۔ پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر ان کے قبضہ سے ذخیرہ کی گئی ممنوعہ اشیاء کو ضبط کرلیا اور گرفتار افراد کو مزید تحقیقات کیلئے ایس آر نگر پولیس کے حوالے کردیا ۔ ریاست تلنگانہ میں مرکزی وزارت صحت کی جانب سے دی گئی ہدایت کو بعد پولیس کی جانب سے انسانی صحت کیلئے انتہائی خطرناک ان ممنوعہ اشیاء پر مکمل پابندی کیلئے سختی سے عمل کیا جارہا ہے ۔