علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل اس شعبہ میں صرف 50 ہزار ملازمتیں تھیں : کے ٹی آر
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے کہا کہ آئندہ چار سال کے دوران الیکٹرانک مینو فیکچرنگ شعبہ میں تین لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا نشانہ مختص کرتے ہوئے حکومت اقدامات کررہی ہے ۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ارکان کی جانب سے پوچھے گئے سوالات بالخصوص الیکٹرانک مینو فیکچرنگ شعبہ کی حوصلہ افزائی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں 250 سے زائد کمپنیاں الیکٹرانک شعبہ میں ایک لاکھ 60 ہزار افراد کو روزگار فراہم کررہے ہیں ۔ الیکٹرانک مینوفیکچرنگ ، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کو تلنگانہ حکومت اولین ترجیح دے رہی ہے ۔ خصوصی منصوبہ بندی کے تحت صنعتوں کی ضروریات کی تکمیل کے لیے خصوصی الیکٹرانک نظام کا تلنگانہ حکومت نے آغاز کیا ہے ۔ ریاست میں الیکٹرانک وہیکلس ، ایندھن کی بچت پر خاص توجہ دی جارہی ہے ۔ مینوفیکچرنگ ، آر اینڈ ڈی ، کو ترقی دینے الیکٹرک گاڑیاں 2020 تا 2030 تک ایندھن بچت کی پالیسی کا آغاز کیا گیا ہے ۔ کلسٹر کی ترقی کے حصہ کے طور پر آوٹر رنگ روڈ کے قریب 912 ایکڑ وسیع علاقہ پر 2 الیکٹرانک کلسٹر مینوفیکچرنگ موجود ہے ۔ آئندہ چار سال میں 75 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری راغب کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ الیکٹرانک مینو فیکچرنگ شعبہ کی ترقی کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دیا گیا ہے ۔ الیکٹرانک گاڑیوں کی مینو فیکچرنگ کی صنعتوں میں مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل اس شعبہ میں صرف 50 ہزار ملازمتیں تھی ۔ ریاست کے قیام کے بعد مزید ایک لاکھ ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ حکومت کی جانب سے الیکٹرانک شعبہ کی مکمل حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔