الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی کارکردگی بہتر : کودنڈا رام

   

انتخابی عہدیداروں کی غفلت سے شفافیت کا فقدان ، صدر جنا سمیتی کا بیان
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر ایم کودنڈا رام نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی بہتر کارکردگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ محض عہدیداروں کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کی وجہ سے انتخابی عمل میں شفافیت کا فقدان پایا جاتا ہے ۔ پروفیسر ایم کودنڈا رام نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اور ان کی پارٹی ( تلنگانہ جنا سمیتی ) ٹکنالوجی کی مخالف نہیں ہے بلکہ ٹکنالوجی کا بہتر انداز میں استعمال اور استفادہ کرنے کی شدید ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ماہ منعقدہ اسمبلی انتخابات کے موقع پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں پائی جانے والی خامیوں کے سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں کو توجہ مبذول کروائی گئی تھی ۔ لیکن عہدیداروں نے ان شکایات پر توجہ دینے سے احتراز کیا جس کے نتیجہ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں پائی جانے والی خامیوں اور فنی نقائص پائے جانے کو مزید تقویت حاصل ہوئی بلکہ کئی مراکز رائے دہی پر رائے دہی کے دوران کئی ایک الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں نقائص پائے جانے پر کچھ دیر کے لیے رائے دہی بھی روکدی گئی تھی ۔ لیکن بعد ازاں ان الیکٹرانک مشینوں کی مکمل جانچ نہ کر کے ان ہی مشینوں کا دوبارہ استعمال کئے جانے کی وجہ سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے تعلق سے بڑے پیمانے پر شکایتیں وصول ہوئی ہیں بلکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کرنے کی مخالفت میں اضافہ ہوا ہے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے بتایا کہ غیر موسمی بارش کی وجہ سے نقصانات سے دوچار کسانوں کو فی الفورراحت پہونچانے کا حکومت تلنگانہ سے پر زور مطالبہ کیا اور حکومت سے رعیتو بیمہ اسکیم کے تعلق سے کسانوں میں شعور پیدا کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی خواہش کی ۔۔