متعدد بسیں ڈپوز کے حد تک محدود ، آر ٹی سی خدمات کو شمس آباد تک توسیع دینے کی تجویز
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن پانچ ماہ گزر جانے کے باوجود گریٹر شہر حیدرآباد میں ’ الیکٹرک بسوں ‘ کا آغاز کرنے میں ناکام ہوچکا ہے ۔ ماہ ستمبر 2018 میں برقی بسیں شہر میں چلانے کے لیے سکریٹریٹ سے سبز جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا تھا ۔ لیکن یہ بسیں عوام کے لیے دستیاب نہیں ہیں ۔ ذرائع کے مطابق الیکٹرک بسوں کا ٹرائیل رن مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ تمام تر منظوریاں بھی حاصل کرلی گئی ہیں ۔ ٹی ایس آر ٹی سی کے ذرائع کے مطابق حکومت سے تاحال شہر کی سڑکوں پر الیکٹرک بسوں کو چلانے کے لیے گرین سگنل حاصل نہیں ہوا ہے کیوں کہ ریاستی کابینہ کی ابھی تک تشکیل عمل میں نہیں آئی ۔ اگر حکومت ابھی فوری طور پر بسوں کو شروع کرنے کی اجازت دیں تو اعلی عہدیداروں کے ذریعہ بسوں کا آغاز کیا جائے گا ۔ مرکزی حکومت کے تعاون سے 100 بسوں کے منجملہ پہلے مرحلہ کے تحت ابتک ہی 40 الیکٹرک بسیں کنٹونمنٹ اور میاں پور ڈپوز کو پہونچ چکی ہیں اور یہ بسیں اب تک بھی ڈپوز تک ہی محدود ہو کر رہ گئیں ۔ اسی دوران ٹی ایس آر ٹی سی سٹی ریجن عہدیداروں نے بتایا کہ الیکٹرک بسیں بہر صورت جب کبھی بھی شروع کی جائیں گی ان بسوں کو مختلف مقامات سے شمس آباد ایرپورٹ تک ترجیحی بنیاد پر چلائی جائیں گی اور فی الوقت شمس آباد ایرپورٹ کے لیے چلائی جانے والی 36 ایر کنڈیشنڈ بسوں کو متبادل اہم روٹس پر چلائی جائیں گی ۔۔