حیدرآباد۔/22 فروری، ( سیاست نیوز) الیکٹرک بس کے اچانک شعلہ پوش ہونے کے سبب سکندرآباد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ آج دوپہر یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب الیکٹرک آر ٹی سی بس کو چارج کیا جارہا تھا۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ بس مسافرین کو چھوڑنے کے بعد چارجنگ کیلئے رکھی گئی تھی اور اس وقت ڈرائیور اور دوسرا عملہ بھی دور تھا جس کے سبب کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ آر ٹی سی عملہ نے بس میں آگ کو دیکھ کر فوری آتش فرو عملہ کو اطلاع دی۔ اس سے قبل کے آتش فرو عملہ پہنچتا بس مکمل خاکستر ہوگئی تھی۔ بس کے ٹائیروں کے پھٹنے اور کثیف دھوئیں کے سبب سارا علاقہ بالخصوص کنٹونمنٹ ڈپو میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ اس بس میں آگ شارٹ سرکٹ کے سبب لگی جو چارجنگ اسٹینڈ پر موجود تھی۔ ماریڈ پلی پولیس نے کنٹونمنٹ ڈپو پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ کنٹونمنٹ ڈپو کی یہ الیکٹرک لکثرری بس جوبلی بس اسٹیشن تا راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ کے درمیان چلائی جاتی ہے۔ ع