دیگر جماعتوں کے مرکزی دفاتر سے تفصیلات کی پیشکشی ۔ کچھ جماعتوں کی جانب سے سپریم کورٹ کی ہدایات نظر انداز
نئی دہلی 5 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) کئی سیاسی جماعتوں نے الیکٹورل بانڈز کے ذریعہ ملنے والے عطیات کی تفصیلات سربمہر لفافوں میں الیکشن کمیشن کو پیش کی ہیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے 12 اپریل کو دی گئی ہدایات کی روشنی میں یہ کام کیا گیا ہے ۔ اس پیشکشی میں دلچسپ بات یہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں نے مرکزی دفتر سے یہ تفصیلات پیش کی ہیں جبکہ بی جے پی کی جانب سے ریاستی یونٹوں نے یہ کام کیا ہے ۔ ایک سبکدوش کموڈور لوکیش بترا کے آر ٹی آئی سوال کے جواب میں بتایا گیا ہے کہ بی جے پی تریپورہ پردیش یونٹ نے اپنی تفصیل پیش کی ہے ۔ یہ پیشکشی 3 جون کو عمل میں آئی ہے ۔ دوسری سیاسی جماعتوں جیسے کانگریس ‘ ترنمول کانگریس ‘ بی ایس پی وغیرہ نے تواریخ کے ساتھ مرکزی دفتر سے یہ تفصیل پیش کی ہے اور کسی بھی ریاستی یونٹ نے الیکشن کمیشن کو اپنی پارٹی کی جانب سے یہ تفصیل پیش نہیں کی ہے ۔ ایڈی آر کے رکن اور درخواست گذار جگدیپ چھوکر کا کہنا ہے کہ یہ الجھن آمیز ہے کہ بی جے پی کی ریاستی یونٹ نے کیوں یہ تفصیل پیش کی ہے مرکزی دفتر سے کیوں تفصیل پیش نہیں کی گئی ہے ۔ سپریم کورٹ نے 12 اپریل کو عبوری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے تمام جماعتوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ الیکٹورل بانڈز کے عطیات کی تفصیل سے کمیشن کو 30 مئی تک واقف کروائیں۔ یہ ہدایت ایک درخواست پر دی گئی تھی ۔ درخواست گذار کا بحث کے دوران یہ کہنا تھا کہ یہ شبہات ہیں کہ الیکٹورل بانڈز سے صرف ایک سیاسی پارٹی کو فائدہ ہو رہا ہے ۔ درخواست گذار کا استدلال تھا کہ رائے دہندوں کو پتہ ہونا چاہئے کہ سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ کون کر رہے ہیں۔ جن جماعتوں نے یہ تفصیل پیش نہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے احکام کی خلاف ورزی کی ہے ان میں نیشنل کانفرنس ‘ پی ڈی پی ‘ جھارکھنڈ مکتی مورچہ ‘ تلگودیشم پارٹی اور وائی ایس آر کانگریس شامل ہیں۔ عدالت نے 30 مئی تک یہ تفصیل پیش کرنے کو کہا تھا لیکن کچھ جماعتوں نے اس تاریخ کے بعد یہ تفصیلات پیش کی ہیں۔ بی ایس پی نے 30 مئی کو ‘ ترنمول نے 30 مئی کو سی پی آئی نے 23 مئی کو ‘ سی پی ایم نے 8 جون کو ‘ این سی پی نے 30 مئی کو ‘ شیوسینا نے 28 مئی کو اور سماجوادی پارٹی نے 30 مئی کو یہ تفصیل پیش کی ہے ۔ کچھ آڈٹ رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ برسر اقتدار بی جے پی وہ واحد جماعت ہے جو جملہ عطیات کا 95 فیصد حصہ خود حاصل کر رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ 2018 میں 222 کروڑ کے الیکٹورل بانڈز خریدے گئے تھے جن میں بی جے پی کے حصے میں 210 کروڑ کے عطیات آئے ہیں۔