ملبورن ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی نمبر ایک امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمس نے آسٹریلین اوپن 2019ء کے پہلے راؤنڈ صرف 49 منٹوں کی محنت کے بعد کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹورنمنٹ کی اپنی حریف کھلاڑیوں کے خلاف انتباہ جاری کردیا ہے۔ مرد زمرے کے مقابلوں میں الیگزینڈر زیوروف نے بھی اپنے پہلے گرانڈ سلام کی مہم کا کامیاب آغاز کیا ہے۔ سرینا ولیمس جوکہ اب 37 برس کی ہوچکی ہیں، لیکن انہوں نے پہلے مرحلے کے مقابلے میں اپنی حریف ٹٹجانا ماریا کے خلاف 6-0،6-2 کی کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسرے راؤنڈ میں سرینا کا مقابلہ کینیڈا کی ابھرتی ٹینس اسٹار ایجین بوچارڈ سے ہوگا جنہوں نے پہلے مرحلے کے مقابلے میں عالمی نمبر 129 ویں کھلاڑی شوئی پنگ کے خلاف 6-2، 6-1 کامیابی حاصل کی ہے۔ 24 سالہ بوچارڈ نے صرف 59 منٹوں میں ہی آسٹریلین اوپن کے پہلے مرحلے کو عبور کرلیا ہے۔ کینیڈا سے تعلق رکھنے والی بوچارڈ نے 2018ء کا شاندار اختتام کرنے کے بعد 2019ء کے سیزن کا بھی شاندار طریقے سے آغاز کیا ہے جبکہ 2014ء میں انہوں نے عالمی درجہ بندی میں پانچواں مقام حاصل کرلیا تھا۔دوسرے مرحلے کا یہ مقابلہ عوامی دلچسپی کا ہے کیونکہ ایک جانب سرینا ولیمس ریکارڈ 24 ویں گرانڈ سلام کی مہم کا آغاز کرچکی ہیں، وہیں بوچارڈ کو بھی نوجوان کھلاڑیوں میں نہ صرف باصلاحیت ٹینس اسٹار تصور کیا جاتا ہے، بلکہ انہیں گرانڈ سلام کیلئے بھی پسندیدہ کھلاڑی تصور کیا جاتا ہے اور یہ ان کے کیریئر کا ایک بڑا مقابلہ ہوگا۔ اس مقابلے کے ضمن میں خود سرینا ولیمس نے کہا ہے کہ بوچارڈ جن کا عالمی درجہ بندی میں فی الحال 79 واں مقام ہے لیکن وہ ایک باصلاحیت اور میچ ونر کھلاڑی ہیں۔ دوسری جانب سرینا ولیمس کے خلاف مقابلے کے ضمن میں بوچارڈ نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ سرینا ولیمس اب تک کی سب سے عظیم کھلاڑی ہیں اور میں اس مقابلے کو ایک موقع کے طور پر استعمال کرنے کے علاوہ خود کی صلاحیت کو جانچنے کی کوشش کروں گی۔ عالمی درجہ بندی کے تناظر میں بوچارڈ نے کہا کہ سرینا ولیمس بھلے ہی عالمی درجہ بندی میں 20 مقام پر ہیں لیکن ٹینس کے لئے وہ بنیادی طور پر نمبر ایک کھلاڑی ہی ہیں۔ الیگزینڈر نے کروشیا کے الجاز بیڈن کو 6-4 ، 6-1 ، 6-4 سے شکست دے کر دوسرے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی ہے۔