ابوظہبی : اماراتی خلاباز سلطان النیادی نے خلا سے عید الفطر کی مبارکباد بھیج دی۔ انہوں نے ویڈیو بھیجی جس میں وہ قوم کو عید الفطرکی مبارک باد دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انہوں نے ملک کے خلائی مشن کے لیے اپنے علامتی کھلونے موسکوت کو بھی ساتھ رکھا ہوا ہے۔ اس رنگین کھلونے کا نام سہیل ہے۔عربی موسیقی کے ساتھ ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے اپنے فالوورز، خاندان اور متحدہ عرب امارات کو عید الفطر کی مبارک دی اور کہا “عام طور پر عید میرے خاندان اور بچوں کے ساتھ ہوتی ہے، لیکن آج میں اپنے دوست سہیل کے ساتھ بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر ہوں۔‘‘اس موقع پر میں ملک کے رہنماؤں، اپنے خاندان، اپنے دوستوں اور آپ سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اللہ کرے یہ عید پوری دنیا کے لیے امن، خوشی اور بھلائی لے کر آئے۔ آپ سب کو عید کی بہت بہت مبارک ہو۔ ویڈیو کا اختتام انہوں نے سہیل کو چھوڑ کر کیا جو خلا میں تیرنے لگا۔ اس سے قبل انہوں نے ایک ٹویٹ شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ یہ عید اپنے “قابل اعتماد دوست سہیل” کے ساتھ منا رہے ہیں۔