ابوظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زایدالنہیان نے اپنے ترک ہم منصب سے ٹیلیفون پر دوطرفہ تعلقات اور ترکیہ میں ہونے والے حالیہ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔شیخ محمد نے صدر طیب اردغان کو ترکیہ میں انتخابی عمل کی کامیابی پرمبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہارکیاکہ ان انتخابات سے ترکیہ کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔واضح رہے کہ دونوں ممالک نے مارچ میں ایک تجارتی معاہدے پردست خط کیے تھے، جس کے تحت اگلے پانچ سال میں دوطرفہ تجارت کاحجم 40 ارب ڈالرہونے کی توقع ہے۔شیخ محمدبن زاید کے 2021 میں ترکیہ کے دورے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ سیاسی اورتجارتی تعلقات میں گرم جوشی آئی تھی اورانھوں نے گذشتہ سال دوطرفہ تجارتی معاہدے پر مذاکرات کا آغاز کیا تھا۔اس معاہدہ کے تحت متحدہ عرب امارات نے ترکیہ میں سرمایہ کاری کیلئے 10 ارب ڈالر کا سرمایہ کاری فنڈ قائم کیا تھا۔