اماراتی صدر اور ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات

   

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے جمعرات کو ابوظہبی میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی ہے۔یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام نے اطلاع دی ہے کہ شیخ محمد اور حسین امیرعبداللہیان نے متحدہ عرب امارات اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ خطے میں ہونے والی مثبت پیش رفت کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایرنا کے مطابق حسین امیرعبداللہیان نے صدر ابراہیم رئیسی کی جانب سے شیخ محمد کو دورہ ایران کی دعوت دی۔انھوں نے اس دعوت کا خیر مقدم کیا اور جواب میں صدر رئیسی کو یواے ای کے دورے کی دعوت دی ہے۔بعد ازاں ایرانی وزیرخارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید سے ملاقات کی۔
انھوں نے باہمی تعاون اور شراکت داری کی بنیاد پر کثیر الجہت اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔حسین امیرعبداللہیان کے دورے کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان فضائی نقل و حمل کی خدمات کو وسعت دینے اور تجارت اور سیاحت کے مواقع بڑھانے کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔