ممبئی ۔ بالی ووڈ کے فلمساز کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر عائد پابندیوں کی وجہ سے اپنی فلموں کی شوٹنگ کے لیے مشرق وسطیٰ میں متبادل جگہوں کا انتخاب کر رہے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق کئی پروڈیوسرز جو اس خطے میں اپنے نئے پراجیکٹس کی شوٹنگ کی تیاری کر رہے ہیں، متحدہ عرب امارات ان کی ترجیح ہے۔جس سے قوی امکان ہے کہ آئی پی ایل کے بعد اب متحدہ عرب امارات ہندوستانی فلموں کی شوٹنگ کی پہلی منزل ہوگا۔ ہندوستانی فلم انڈسٹری کے میگا اسٹار سلمان خان کے پسندیدہ ہدایتکار علی عباس ظفر ہیں جو اپنی اگلی ایکشن فلم کے لیے ابوظہبی کے مقامات منتخب کر چکے ہیں۔ان کی نئی فلم میں کٹرینہ کیف مرکزی کردار میں نظر آئیں گی اور بھرپور ایکشن کا مظاہرہ کریں گی، یہ تمام مناظر متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں عکس بند ہوں گے۔علی عباس ظفر نے میڈیا کو بتایا کہ مجھے جس طرح کی لوکیشنز چاہیے تھیں وہ مجھے ابوظہبی میں مل گئیں۔ مجھے ہندوستان کی پہلی خاتون سوپر ہیرو پر مبنی فلم کی ان جگہوں پر شوٹنگ کا موقع ملے گا جو پہلے کبھی کسی ہندوستانی فلم میں نظر نہیں آئیں۔ بطور فلم پروڈیوسر اورہدایتکار وہ اس وقت اپنے عملے کے ہمراہ متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں تاکہ شوٹنگ کی تیاریاں مکمل کر سکیں جو جنوری سے شروع ہوگی۔ظفرکٹرینہ کیف کے ساتھ اس سے پہلے رومانٹک کامیڈی فلم میرے برادر کی دلہن اور ایکشن ڈرامہ بھارت جیسے پراجیکٹ کر چکے ہیں ۔ انہوں نے ابوظہبی کو شوٹنگ کے لیے بہترین جگہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک شوٹنگ کے لیے کتنے اچھے ہیں لیکن ابوظہبی انفراسٹرکچر کے لحاظ سے بہتر ہے۔ اس نے میراشاندار استقبال کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ ممبئی کے مقابلے میں یہاں کورونا کے کم تعداد میں مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔