دوبئی ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پناما کے پرچم بردار ٹینکر میں متحدہ عرب امارات کے ساحل سے دور سمندر میں لگی آگ سے ٹینکر پر موجود دو ہندوستانی ملاح ہلاک ہوگئے جبکہ کئی دیگر ملاح لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ دریں اثناء دی فیڈرل اتھاریٹی فار لینڈ اینڈ میری ٹائم ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ ٹینکر میں اس وقت آگ لگی جب وہ امارات کے ساحل سے 21 میل کی دوری پر سمندر میں تھا تاہم آگ پر جلد ہی قابو پا لیا گیا۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق لاپتہ افراد اور ملاحوں کی تلاش جاری ہے۔ اتھاریٹی کے مطابق جب بچاؤکاری عملہ کو ٹینکر میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تو وہ فوری سمندر میں پہنچ گئے اور ٹینکر کے عملہ کی مدد کی لیکن اس کے باوجود بھی کچھ لوگ لاپتہ ہوئے اور دو ہندوستانی ملاح جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔