امارات میں بنگلہ دیشی مظاہرین کو جیل کی سزائیں

   

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی عدالت نے ان درجنوں بنگلہ دیشی مزدوروں کو قید کی سزا سنائی ہے، جو شیخ حسینہ حکومت کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے۔ بیشتر افراد کو طویل مدت کی قید کی سزا دی گئی جبکہ تین کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔متحدہ عرب امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے تین نامعلوم ملزمان کو متحدہ عرب امارات کی گلیوں میں فسادات بھڑکانے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی، جب کہ دیگر 53 ملزمین کو 10 برس قید کی اور ایک شخص کو 11 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ان تمام افراد پر الزام یہ تھا کہ وہ بنگلہ دیش کی شیخ حسینہ حکو مت کے خلاف مظاہرے کیلئے خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات (جہاں وہ کام کرتے ہیں) کی سڑکوں پر نکلے تھے۔
اتوار کے روز ہونے والی مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت کے مقرر کردہ دفاعی وکیل نے بطور دلیل کہا کہ ان ”اجتماعات کا کوئی مجرمانہ ارادہ نہیں تھا اور ان کے خلاف ثبوت بھی ناکافی” تھے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس کی مذمت کی اور اس نے متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر ”عوامی احتجاج کے محض وجود پر اس کو انتہائی قسم کا ردعمل” قرار دیا۔