ابوظہبی : وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن نے کہا ہے کہ’ بے روزگاری انشورنس پروگرام میں شامل کارکنان اور ملازمین کی مجموعی تعداد 7 ماہ کے دوران 51 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے‘۔ الامارات الیوم کے مطابق بے روزگاری انشورنس پروگرام پر عمل درآمد سال رواں کے ماہ جنوری سے شروع کیا گیا ہے۔ آخری 24 روز کے دوران ایک لاکھ 40 ہزار ملازمین اور کارکنان اس میں شامل ہوئے ہیں۔ بے روزگاری سوشل انشورنس سسٹم متحدہ عرب امارات کے سرکاری اور نجی اداروں کے کارکنان اور ملازمین پر نافذ کیا جارہا ہے۔اس کے تحت بے روزگار کارکن کو تین ماہ تک بے روزگاری الاونس دیا جاتا ہے۔ ہر کارکن سے ملازمت کے دوران اس مد میں مقررہ فیس لی جاتی ہے۔ پروگرام کے تحت جب بھی کوئی کارکن بے روزگار ہوتا ہے تو اسے ملازمت سے محرومی کی تاریخ سے تین ماہ تک اس کی جمع کردہ فیس سے تنخواہ کا 60 فیصد دیا جاتا ہے۔
