ابوظبی:متحدہ عرب امارات میں حسینہ واجد حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والے بنگلہ دیشی تارکین وطن کو گرفتار کرلیا گیا۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق حکام نے تاحال اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ گرفتار کیے گئے بنگلہ دیشی شہریوں کی تعداد کتنی ہے یا انہوں نے کس مقام پر بنگلہ دیشی حکومت کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ اماراتی حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے عوامی مقام پر جمع ہوکر بے امنی پیدا کی اور مقامی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔ ان افراد کو ملکی مفاد اور سیکورٹی کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم کے خلاف طلبہ کا احتجاج دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے، جب کہ احتجاج پر قابو پانے کے لیے ملک بھر میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے جب کہ فوج کو ہنگامہ آرائی کرنے والوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دیا گیا ہے۔