دبئی، 26 ستمبر (یو این آئی) متحدہ عرب امارات میں عوامی شخصیات کو اے آئی سے پیش کرنا غیر قانونی قرار دے دیا گیا۔ متحدہ عرب امارات نے واضح انتباہ جاری کیا ہے کہ آرٹیفیشل انٹلیجنس (اے آئی) کے ذریعے عوامی شخصیات اور قومی علامتوں کو غلط طریقے سے پیش کرنا یا گمراہ کن معلومات پھیلانا قانون کی سنگین خلاف ورزی تصور ہوگا۔ اماراتی میڈیا کونسل نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں ناصرف پیشہ ورانہ اور اخلاقی ذمہ داری کی خلاف ورزی ہیں بلکہ اماراتی میڈیا قوانین کے تحت سخت جرمانے اور قانونی کارروائی کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔ اماراتی میڈیا کونسل نے عوام کو خبردار کیا ہیکہ اے آئی کی مدد سے کسی کی بھی شناخت متاثر نہ کریں۔